الطاف حسین نے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کو معطل کر دیا ,اراکین اسمبلی کا نائن زیروداخلہ بند

بدھ 10 دسمبر 2014 13:02

الطاف حسین نے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کو معطل کر دیا ,اراکین ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لندن اور کراچی کی رابطہ کمیٹیوں کو معطل کرکے اراکین اسمبلی کا نائن زیروپر داخلہ بند کردیا ہےاور قمر منصور کو کراچی جبکہ ارشد حسین کو لندن کا قائم مقام میڈیا انچارج بنا دیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق سرگرم کارکن اور سیالکوٹ کے ضلعی نائب صدرباﺅ انور کے قتل کے بعد الطاف حسین رابطہ کمیٹی پر شدید برہم تھے اور اُن کا خیال تھاکہ رابطہ کمیٹی کی طرف سے بروقت باﺅ انور کے قتل پر موقف سامنے نہیں آیا ۔

ذرائع نے رابطہ کمیٹی کے معطل ہونے کی تصدیق کردی تاہم ایم کیوایم کی طرف سے کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آسکا۔ الطاف حسین نے ایم این ایزکوبھی نائن زیرو پر آنے سے روک دیاہے اور کہاہے کہ کارکنان اور میڈٰا انچارج احتجاج کی حکمت عملی تیارکریں ۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم نے باﺅ انور کے قتل پر ہنگامی پریس کانفرنس طلب کی تھی جس کی کوریج کے لیے میڈیانائن زیروپر موجود ہے لیکن کوئی رہنماءبیان دینے کیلئے موجود نہیں جبکہ پارٹی کے کچھ سینئر رہنماءباﺅ انور کی نمازجنازہ میں شرکت کیلئے سیالکوٹ روانہ ہوچکے ہیں ۔

اس سے قبل الطاف حسین کی طرف سے ایک بیان میں یونٹ ، سیکٹرانچارجز اور کارکنان کو احتجاج کی ہدایت کی تھی جس سے اندازہ ہورہاتھاکہ وہ کافی دلبرداشتہ ہیں اور ذمہ داران پر برہم ہیں ۔