سانحہ پشاور انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے ، صارم برنی

منگل 16 دسمبر 2014 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 دسمبر 2014ء) حقوق انسانی کی تنظیم صارم برنی ویلفےئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کی جانب سے پشاور کینٹ میں آرمی پبلک اسکول میں ہونے والی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کی ہے اور ٹرسٹ کے چےئر مین صارم برنی کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں پر حملہ انتہائی بزدلانہ کاروائی ہے واقعے کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے اپیل کرتے ہیں کہ واقعے میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کے خون کے ساتھ جلد از جلد انصاف کیا جائے اور ملوث دہشت گردوں کو کڑی سے کڑی سزا دے کر دوسروں کے لئے مثال قائم کی جائے ۔

صارم برنی نے کہا کہ ہمارے ملک میں تعلیم کے حوالے سے باتیں ہو رہی ہیں کہ تعلیم کو عام کرینگے تعلیم کے لئے یہ کرینگے تعلیم کے لئے وہ کرینگے لیکن عملی کام کہیں نظر نہیں آرہا ہے اور نہ ہی ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے اقدا مات کئے جارہے ہیں اور اب دہشت گرد عناصر کی جانب سے اس طرح کے واقعات پاکستان کو پتھروں کے دور میں دھکیلنے کی سازش معلوم ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

صارم برنی نے کہا کہ ایک بار پھرپشاور میں خون کی ہولی کھیلی گئی جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے ۔ صارم بر نی نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی کی طرح آج ہمارا دل بھی دکھی ہے اور دردِ دل رکھنے والا ہر شخص ملک کے ان حالات پر افسردہ ہے رنج والم کا یہ عالم کیوں نہ ہوجب ہماری لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے کر پاک وطن پاکستان حاصل کیا گیا تھا اور آج وہ اس نہج پر ہے کہ مستقبل کے معماروں کو پروان چڑھانے والے تعلیمی ادارے بھی محفوظ نہیں ہیں ۔

متعلقہ عنوان :