ضلع بھر کے سکولوں کو احکامات جاری کردئیے گئے ہیں، ای ڈی او ایجوکیشن بھکر

بدھ 17 دسمبر 2014 23:08

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر 2014ء)سانحہ پشاور کے بعد حکومت پنجاب چیف منسٹر مانیٹرنگ فورس سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے سکولوں کے سیکورٹی کے ازسر نو جائزہ کے بعد فول پروف سیکورٹی کیلئے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر کے سکولوں کو احکامات جاری کردئیے گئے ہیں یہ بات ای ڈی او ایجوکیشن میاں محمد اسماعیل نے ضلع کے تمام سکولوں کو جاری کیے گئے مراسلہ میں کہی انہوں نے کہا کہ سکولوں کی چار دیواری کو بنا کر اس پر خاردار تار لگائی جائے اور اس کیلئے ایف ٹی ایف (فروغ تعلیم فنڈ) اور این ایس بی سے فنڈز حاصل کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

سکول میں آنے جانے کیلئے ایک گیٹ استعمال کیا جائے اور گیٹ پر سیکورٹی گارڈ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے سکول میں آنے والے ہر شخص کے مکمل کوائف اور آنے کا مقصد درج کیا جائے اور سکول ٹائم کے دوران طلباء کو سکول کے گیٹ سے باہر ہرگز نہ جانے دیا جائے انہوں نے کہا کہ جن سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم ہیں وہ داخلی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی۔۔