محمود شام کی بچوں کے لیے تحریر کردہ کتاب ”ملّا نصرالدین“ شائع ہو گئی

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) محمود شام کا شمار پاکستان کے جیّد صحافیوں اور فکر انگیز انداز میں شعر کہنے والے شعراء میں ہوتا ہے۔ ان کی متعدد کتب اہلِ علم سے تحسین پا چکی ہیں۔ حال ہی میں بچوں کے لیے اُن کی کتاب ”ملّانصرالدین“ کے پُرانے قصّے نئے رُوپ میں شائع کرنے کا اہتمام نیشنل بُک فاؤنڈیشن نے کیا ہے۔ یہ ان کا شگفتہ اور مقبول قصّوں کا چوتھا ایڈیشن ہے۔

پُرکشش سرورق منصور حمد کا ہے۔ مُلّا نصرالدین کے قصّوں میں طنزومزاح اور حکمت و دانش کا خوبصورت امتزاج ملتا ہے۔

(جاری ہے)

مُلا نصرالدین کے یہ قصّے پڑھ کر بچوں میں بذلہ سنجی اور حاضرجوابی کی صلاحیت بیدار ہو جاتی ہے۔ ملانصرالدین تاریخِ ادب میں ایک ایسا کردار ہے جس میں بیک وقت فراست اور حماقت نظر آتی ہے۔ ملّا کا یہی پہلو اسے مقبول بنانے میں ممد ثابت ہوتا ہے۔ اس کتاب کی قیمت صرف 130 روپے ہے جسے این بی ایف ریڈرز کلب کے ممبران 55 فیصد ڈسکاؤنٹ پر 58 روپے میں خرید سکتے ہیں۔ بچوں کے لیے این بی ایف کی دلچسپ موضوع کی حامل یہ کتاب ایک تحفہ سے کم نہیں۔ اس کتاب کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ ہر صفحے پر تحریر کے مطابق کارٹون (تصاویر) بھی ہیں جو بجائے خود آرٹ کا ایک عمدہ نمونہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :