کراچی، ملک بھر کی تاجربرادری کا تحریک انصاف کی جانب سے دھرنے ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم،

ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے تمام سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات کی پالیسی کوترک کرتے ہوئے مل کر ملک وقوم کے لیے یکجا ہوجائیں، تاجربرادری

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) ملک بھر کی تاجربرادری نے تحریک انصاف کی جانب سے دھرنے ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈوبتی ہوئی معیشت کو ایکبار پھر آکسیجن میسر آئیگا،ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے تمام سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات کی پالیسی کوترک کرتے ہوئے مل کر ملک وقوم کے لیے یکجا ہوجائیں اور ایک نئی صبح کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی کاسفر شروع کرنے کے لیے اپنا کرداراداکریں یہ بات چیف ایگزیکٹو ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی ایس ایم منیر،ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر زبیر طفیل،کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین،رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رفیق سلیمان،موزمبیق کے اعزازی قونصل جنرل خالدتواب،سینیٹرعبدالحسیب خان،فیڈرل بی ائیریا ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید علی غوری،ٹیپ کے سابق چیئرمین محمد یحییٰ پولانی ،عبدالرحیم جانو، پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے سرپرست گلزارفیروز، کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی اور دیگر نے کہی ۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے مفاہمتی پالیسی اپناتے ہوئے دھرنے ختم کرنے کے اعلان کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات سے سبق سیکھتے ہوئے سیاسی استحکام کی بے حد ضرورت تھی، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل کوحل کرنے کے لیے اپنا کرداراداکریں اورملک میں دہشت گردوں کے خلاف متحد ہوکر افواج پاکستان کا ساتھ دیں تاکہ دہشت گرد عناصر کاخاتمہ کیا جاسکے۔

زبیر طفیل نے کہا کہ پاکستان کو اسوقت شدید چیلنجوں کا سامنا ہے ،بڑہتی ہوئی غربت،بے روزگاری، دہشت گردی اور توانائی بحران جیسے مسائل کا واحد حل سیاسی استحکام ہے کیونکہ سیاسی عدم استحکام کے باعث مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں میں بے چینی کی فضاء قائم ہوچکی تھی جس کا ملک دشمن عناصر بھرپورفائدہ اٹھارہے تھے ۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گرد ممالک قراردلانے کے لیے ملک دشمن عناصر نے بھرپورکاروائیاں کرتے ہوئے معصوم بچوں کو بھی شہید کردیا اور دنیاکو یہ پیغام دینے کی ناکام کوشش کی ہے کہ پاکستان غیر محفوظ ملک ہے ۔

خالدتواب نے کہا کہ بیرونی ممالک کے خریدار وں کویہ باورکرانے کی کوشش کی جارہی تھی کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے سے پور پاکستان بند ہے جسکے باعث بیرونی خریدار پاکستان آنے سے گریز کررہے تھے اور اپنے درآمدی آڈرز دیگرممالک کودے رہے تھے ۔رفیق سلیمان نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملکی وقومی مفادمیں بہترین فیصلہ کیا ہے اور اب امید کی کرن پیدا ہوچکی ہے کہ پاکستان میں ترقی کے سفر میں حائل رکاوٹیں دورہوجائینگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں سیاسی بصیرت کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مضبوط اوردرہشت گردی سے پاک ملک قراردلانے کے لیے اپنا کرداراداکریں تاکہ ملک کے روشن مستقبل کی راہ ہموارہوسکے اور ملک میں سرمایہ کاری وصنعتکاری کے ذریعے نوجوانوں کو روزگارکی سہولیات فراہم کی جاسکے ۔جاوید علی غوری نے کہا کہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی جانب سے موجودہ حالات کومدنظررکھتے ہوئے بہترین اقدام اٹھایا گیا ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج ابھرے گا ۔

یحییٰ پولانی اورعبدالرحیم جانو نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے دھرنے اورہڑتالوں کے خاتمے کے اعلان سے دنیا بھر کی عوام کو یہ باورکرادیا گیا ہے کہ سیاسی قائدین مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں اور اب پاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن عناصر کا مل کرمقابلہ کیا جائیگا۔گلزارفیروز نے کہا کہ ملک میں دھرنوں اور سیاسی عدم استحکام کے باعث ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوتے رہے ہیں اب سیاسی استحکام رونما ہوگیا اور افواج پاکستان کے ساتھ ملکر پوری قوم دہشت گردوں کاخاتمہ کرنے کے لیے یکجا ہوجائیگی جوکہ ملک وقوم کی ترقی کاباعث بنے گا۔

راشد احمد صدیقی نے کہا کہ ملکی معاشی سرگرمیاں دھرنوں اور ہڑتالوں کے باعث منجمد ہوچکی تھی لیکن تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بروقت دھرنوں کاخاتمہ کرتے ہوئے ملک کوبحرانی کیفیت سے نکالا ہے جس سے تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔