بد قسمتی ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم کا تعلق بہاولپور سے ہونے کے باوجود اسلامیہ یونیورسٹی کا وائس چانسلر بہاولپور کی بجائے امپورٹ کر کے تعینات کیا گیا ہے،ڈسٹرکٹ بار بہاولپور

جمعرات 18 دسمبر 2014 20:46

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کے صدر ملک امیتاز اعوان نے کہا ہے کہ یہ ہماری بد قسمتی ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم کا تعلق بہاولپور سے ہونے کے باوجود اسلامیہ یونیورسٹی کا وائس چانسلر بہاولپور کی بجائے امپورٹ کر کے تعینات کیا گیا ہے وہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے انہو ں نے کہاکہ سانحہ پشاور کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ملک کی تاریخ میں اس سے بھیانک واقعہ دیکھنے کو نہیں ملتا معصوم طالب علموں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا حکومت ان دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنائے حکومت اور تمام ملک کی بار ایسوسی ایشنز اس نازک وقت میں ایک ہی صفحے پر اکھٹے ہیں انہوں نے کہاکہ ریاست بہاولپور نے پاکستان میں شمولیت کا فیصلہ اس لیے کیا تھا کہ ہمیں ہندوستان کی بجائے پاکستان زیادہ بہتر لگا تھا مگر قیام پاکستان سے لے کر اب تک بہاولپور کی کلیدی عہدوں پر بہاولپوریوں کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا رہا انہوں نے کہاکہ قرار داد مقصد میں لکھا ہے کہ اس ملک میں اقربا ء پروری نہیں ہوگی مگر پنجاب حکومت نے اس کے برعکس صرف اپر پنجاب کے لوگوں کو بہاولپور کے لوگوں پر مسلط کیا گیا ہائیکورٹ میں اس وقت جتنے بھی ججز ہے وہ بہاولپور سے تعلق نہیں رکھتے حکومت اس اقرباء پروری کو روکے انہوں نے کہا کہ ریاست کے دور میں ریاست سے تعلق رکھنے والے ججز ہی تعینات کیے جاتے تھے کیونکہ وہ یہاں کے رویوں ‘کلچر اور زبان کو سمجھتے تھے پنجاب کی سطح پر جب بھی ججز کی بھرتیاں ہوتی ہے تو بہاولپور کو نظر انداز کیا جاتا ہے اور اسی طرح اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی نے یونیورسٹی کے اساتذہ کو نظر انداز کیا جاتا ہے جس کے خلاف وکلاء سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر ہر سطح پر احتجاج کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :