اوپن یونیورسٹی کے مسیحی کارکنوں نے کرسمس سانحہ پشاورکے تناظر میں سادگی سے منائی

جمعہ 26 دسمبر 2014 19:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مسیحی کارکنوں نے یونیورسٹی میں منعقدہ 'کرسمس تقریب'سانحہ پشاور کے تناظر میں اور  شہدا کو خراج عقیدت اور ان کے والدین کے ساتھ اظہار یکجہتی و ہمدری کے طور پر نہایت سادگی سے منائی ۔ یونیورسٹی میں منعقدہ کرسمس تقریب میں مسیحی کارکنوں نے کھڑے ہوکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور شمعیں جلاکر تقریب کا آغاز کیا۔

کرسمس تقریب یونیورسٹی انتظامیہ  پراجیکٹ ڈائریکٹوریٹ اور ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے اشتراک عمل ہوئی۔ وائس چانسلر  پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کرسمس تقریب کی صدارت کی جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر  شریف الله  سنئیر اساتذہ  سینٹ تھامس چرچ کے پادری عمانویل لورین  سابق اسسٹنٹ رجسٹرار  مشتاق مسیح اور تمام مسیحی کارکنوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ہمیں حضور نے بھائی چارے  عفو و درگزر  برداشت  اتحاد  ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا درس دیا ہے اور آج ہمیں ان چیزوں کی جتنی ضرورت ہے  اتنی کبھی نہ تھی۔ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں ہمیں اپنے صفوں میں اتحاد اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے کی ضرورت ہے اور اسی میں ہماری بقاء ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ایک خاندان ہے اور اس خاندان کی حفاظت  ترقی اور امن و امان قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر صدیقی نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد اور خوشی میں شریک ہونا چاہئیے  ایک دوسرے کا خیال رکھنے اور محبت سے پیش آنے میں ہمارے ملک کی خوشحالی مضمر ہے۔ انہوں نے کرسمس کے حوالے سے یونیورسٹی کے تمام مسیحی کارکنوں کو مبارکباد دی پیش کی اور سانحہ پشاور کی وجہ سے کرسمس کو سادگی سے منانے کی اپیل کی۔

سینٹ تھامس چرچ کے پادری عمانویل لورین نے سانحہ پشاور کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور دعا کی کہ الله پاک ان کو جنت میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے ۔ انہوں نے شہداء کے والدین کے لئے دعا کی کہ الله ان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور دہشت گردوں کے دلوں کو نرم کرنے اور ان کو راہ راست پر لانے کی بھی دعا کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس میں پیار و محبت سے رہنا اور ایک دوسرے کے ساتھ ایک جان بن کر پاکستان کی خدمت کرنا چاہئیے تاکہ یہاں امن قائم ہو اور ہمارا ملک ترقی کرے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا یہی خواب تھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہو جس کے رہنے والے ایک قوم بن کر رہیں۔انہوں نے آخر میں پاکستان اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سلامتی اور ترقی کے لئے اجتماعی دعا بھی کرائی۔کرسمس تقریب سے ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر  ملازم حسین قریشی  جنرل سیکریٹری  محمد امجد ہاشمی اور مشتاق مسیح نے بھی خطاب کیا اور مسیحی کارکنوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاید صدیقی اور پادری عمانویل لورین نے مسیحی کارکنوں کے ساتھ مل کر تین کیک کاٹے۔

متعلقہ عنوان :