آل پارٹیز ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنماؤں اور کونسلروں کے اعزاز میں تحریک انصاف کے رہنماء سید ظہور آغا کی جانب سے استقبالیہ ،

کوئٹہ تمام قوموں، پارٹیوں کا مسکن ہے، اے پی ڈی اے نے مختلف سیاسی جماعتوں کو یکجا کر کے تاریخی کارنامہ سرانجام دیا،مقررین

جمعرات 1 جنوری 2015 20:54

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء) آل پارٹیز ڈیمو کریٹک الائنس کے رہنماؤں اور کونسلروں کے اعزاز میں جمعرات کو تحریک انصاف کے رہنماء سید ظہور آغا نے استقبالیہ دیا استقبالیے میں اے پی ڈی اے کے سربراہ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی ،ترجمان رشید خان ناصر کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں اور کونسلروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی استقبالیے سے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی رشید خان ناصر نصیب اللہ بازئی نذر بلوچ ،چوہدری شبیر عبدالباری بڑیچ ،اور ظہور آغا نے خطاب کیا مقررین نے کہاکہ کوئٹہ تمام قوموں اور پارٹیوں کا مشترکہ مسکن ہے ہماری بہت پرانی تاریخی تہذیبی روایات ہے اس لئے اے پی ڈی اے نے گذشتہ ایک سال سے مختلف سیاسی جماعتوں کو یکجا کرکے ایک تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے قومی اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے اس لئے آج بلدیاتی انتخابات میں جیت کی اتنی خوشی نہیں جو خوشی تمام پارٹیوں اور کوئٹہ شہر کے عوام کے اتحاد سے ہوئی ہے مقررین نے کہاکہ کوئٹہ شہر جو تباہی وبربادی کا منظر پیش کررہا ہے اور بہت سی چیلنجوں کا سامنا ہے ان حالات میں یہ اتحاد انتخابات کے بعد بلدیاتی مرحلے کے تکمیل تک قائم ودائم رہے گا اور حکومتی اور سرکار کی تمام مراعات رکاؤٹوں کا مقابلہ کیا جائے گا قبل ازیں اے پی ڈی اے کے رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی اور اتحاد میں شامل تمام پارٹیوں کے رہنماء اے این پی کے صوبائی دفتر باچا خان مرکز گئے جہاں اے این پی کے رہنماؤں کی طرف سے اے پی ڈی اے کے رہنماؤں کو استقبالیہ دیا گیا اس موقع پر اے پی ڈی اے کے سربراہ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نظام الدین کاکڑ ملک نعیم بازئی ،مابت کاکا نے خطاب کیا اور اے این پی کے رہنماؤں نے کہاکہ ہم اے پی ڈی اے کے تمام رہنماؤں کو باچا خان مرکز آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ہماری پارٹی کوئٹہ میٹروپولٹین اور ڈسٹرکٹ کوئٹہ میں اے پی ڈی اے کیساتھ ہے اور ہم ہمیشہ انتخابات کے اختتام تک آپ کیساتھ ہونگے اس موقع پر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج میں اے این پی کے دفتر باچا خان مرکز آیا ہوں باچا خان مرکز تمام بلوچستانیوں کاگھر ہے کیونکہ باچا خان نے تاریخی جدوجہد کرتے ہوئے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کی اور ہمیں چھوٹی قومیتوں کو حقوق حاصل کرنے کا ڈھنگ سکھایا میں مشکور ہوں اے این پی کے رہنماؤں جنہوں نے اے پی ڈی اے کے جدوجہد میں سب سے زیادہ تاریخی کردار ادا کیا انشاء اللہ ہم بلوچستان کے تمام مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کرینگے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے این پی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری عبدالمالک پانیزئی رشید خان ناصر ،ضلعی صدر ابراہیم کاسی ،ضلعی جنرل سیکرٹری عصمت اللہ بازئی ،مہراب خان کاکڑ ،رشید آغا ،کے علاوہ پی ایس ایف کے صوبائی صدر انعام کاکڑ کے علاوہ تحریک انصاف ایچ ڈی پی مسلم لیگ ق اور اے پی ڈی اے میں شامل دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماء اور کونسلر بڑی تعداد میں موجود تھے ۔