صحبت پور ،نقل کے خاتمے ،لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے بارے ریلی کا اہتمام ، طلباء وطالبات کی بڑی تعداد میں شرکت

بدھ 11 فروری 2015 16:42

صحبت پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11فروی 2015ء) صحبت پور میں نقل کے خاتمے اور اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے حوالے سے ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔جس میں سکول کے طلباء اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔حکومت بلوچستان کی ہدایات کے مطابق 18فروری 2015سے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے انعقاد پر نقل کی روک تھام کے لیے ضلع صحبت پور میں مختلف اسکولوں میں ریلیاں نکالی گئیں ۔

جبکہ صحبت پور سٹی میں نقل کی لعنت کے خاتمے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محترمہ زاہدہ پروین کنرانی کی قیادت میں ہائی سکول صحبت پور سے ایک ریلی نکالی گئی ۔ریلی شہر کے مختلف راستوں سے مارچ کرتی ہوئی ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے پہنچ گئی ۔ریلی کے شرکاء کے ہاتھوں میں بینرزاور پلے کارڈ تھے ۔جن پرنقل کی روک تھام کے لیے نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

طلباء سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ زاہدہ پروین کنرانی نے کہا کہ نقل ایک لعنت ہے جو ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ۔نقل کے باعث ہمارے مستقبل کے معمار وں کی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں ۔اور یہ ناسور کی طرح پھیل چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی واضع ہدایات کے مطابق نہم اور دہم کے سالانہ امتحانات کے دوران ضلع بھر کے تمام فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں صبح 9بجے سے دوپہر 12بجے اور 2بجے سے شام 5بجے تک بند رہیں گے اور اس موقع پر ضلع میں دفعہ144نافذ کی گئی ہے۔اور اس کے علاوہ تمام امتحانی مراکز میں خفیہ کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔