وزیراعلیٰ سے گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن کے و فدکی ملاقات، پولیووخسرہ کی روک تھام اورروٹین امیونائزیشن کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق،

شعبہ صحت میں اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیاجا رہا ہے‘ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ویکسنیشن پروگرام کو مزید موثر بنایاجا سکتاہے‘ گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن کی جانب سے پولیو ،خسرہ کے خاتمے اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے تعاون لائق تحسین ہے‘ پولیو او رخسرہ جیسی بیماریوں پر قابو پانے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں ، روٹین امیونائزیشن پر بھی بھر پور کام ہو رہا ہے‘ میں ذاتی طورپر پولیو وخسرہ جیسی بیماریوں پر قابو پانے اور روٹین امیونائزیشن پر پیشرفت کا جائزہ لیتا ہوں وزیراعلیٰ شہبازشریف کی گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سیٹھ برکلے کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد سے ملاقات میں بات چیت، وزیراعلیٰ شہبازشریف کی لیڈر شپ میں شعبہ صحت میں بہترین انداز میں کام ہورہاہے،چیف ایگزیکٹو آفیسر

منگل 17 فروری 2015 20:59

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے منگل کو یہاں گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سیٹھ برکلے کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی۔ ملاقات میں پولیووخسرہ کی بیماریوں اوردیگرمتعدی امراض کی امیونائزیشن کے حوالے سے مربوط انداز میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام پر عمل کررہی ہے ۔ہیلتھ سیکٹر ریفارمز روڈ میپ کے تحت صحت عامہ کے شعبہ میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے-پنجاب حکومت نے پولیو او رخسرہ جیسی بیماریوں پر قابو پانے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جبکہ روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے بھی بھر پور کام کیا جارہا ہے اورمتعلقہ محکمے اس ضمن میں فعال انداز میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں- انہوں نے کہاکہ میں ذاتی طورپر ہیلتھ سیکٹر کی بہتری، خصوصاً پولیو وخسرہ جیسی بیماریوں پر قابو پانے اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے جاری پیشرفت کا خودجائزہ لیتا ہوں او رپنجاب حکومت کے اقدامات کے باعث پولیو وخسرہ پر قابوپانے میں مدد ملی ہے-انہوں نے کہاکہ ہیلتھ سیکٹر میں مقررہ کردہ اہداف کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ڈینگی کی وباء کے دوران اٹھائے جانے والے حفاظتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے چندبرس قبل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈینگی جیسے موذی مرض کی وباء پر قابو پایا ،انسداد ڈینگی مہم میں منتخب نمائندوں ، ڈاکٹرز،پیرا میڈیکس ، نرسوں،افسران اور معاشرے کے ہر طبقے نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس چیلنج کا مقابلہ کیا اورایک برس میں ڈینگی کو شکست دے کر عزم وہمت کی ایک شاندارمثال قائم کی او رانشاء الله اب بھی شعبہ صحت میں مقررکردہ اہداف کے حصول کے لئے اسی محنت سے آگے بڑھیں گے-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت شعبہ صحت میں اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہی ہے اور ویکسی نیٹر ز کی کارکردگی کواین رائیڈ فونز کے ذریعے مانٹیر کیا جاتا ہے ۔

صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں اورمیں سمجھتا ہوں کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے ویکسنیشن کے پروگرام کو مزید موثر بنایاجا سکتاہے -انہوں نے کہاکہ پنجا ب حکومت نے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کئیر کا پروگرام بھی شروع کیاہے جبکہ تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں-انہوں نے کہاکہ گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن اور دیگر اداروں کی جانب سے پولیو ،خسرہ کے خاتمے اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آنے والے وقت میں اس ضمن میں مزید مربوط انداز میں اقدامات کئے جائیں گے-اس مو قع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سیٹھ برکلے نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی پرعزم قیادت میں شعبہ صحت کی بہتری خصوصاً پولیووخسرہ کی روک تھام اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ بلاشبہ پنجاب میں اس حوالے سے بہت بہتر کام ہورہاہے جس کی بنیادی وجہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی لیڈر شپ ہے-انہوں نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے پنجاب حکومت نے وقت کے تقاضوں کے مطابق اقدام اٹھایاہے اور ایسے منفرد اقدام سے بہتری آئی ہے- انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا- وفد میں شامل دیگر عہدیداران نے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈینگی کی وباء پر زبردست انداز میں کام کرتے ہوئے قابو پایا تھا او راب بھی وہ پولیوو خسرہ اور روٹین امیونائزیشن کے حوالے سے اہداف حاصل کر رہے ہیں-صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن،مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،چیف سیکرٹری،پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر،ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشااورمتعلقہ سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

گلو بل الائنس فارویکسینز اینڈامیونائزیشن کی منیجنگ ڈائریکٹر کنٹری پروگرامز ہنڈخطب اوٹمین ،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ڈائریکٹر ڈاکٹر جین میری،ڈاکٹر نادیہ کے علاوہ یونیسف،اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اور دیگر عالمی اداروں کے عہدیداران وفد میں شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :