رؤف الیون نے کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈ کی ٹیم کو شکست دیکر میجر جہانزیب عدنان شہیدانٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

منگل 10 مارچ 2015 22:56

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) سلمان خان کی ہیٹ ٹرک کی بدولت رؤف الیون نے کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈ کی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں شکست دیکر میجر جہانزیب عدنان شہید(ستارہ بصالت) انٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، اولمپئن حنیف خان الیون نے بھی نیشنل ہاکی کلب کو باآسانی قابو کرتے ہوئے فائنل فورمیں نشست کنفرم کرلی، انکی جانب سے اولمپئن عبدالحسیم خان نے ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزازحاصل کیا، قومی یوتھ ہاکی ٹیم کے کوچ و سابق انٹرنیشنل کھلاڑی محمد علی خان کوارٹرفائنل کے مہمان خصوصی تھے، جنکا تعارف کھلاڑیوں سے کرایا گیا۔

سیمی فائنل میں رؤف الیون کا سامنا اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹرشاہ اکیڈمی سے کل جمعرات کوشام ساڑھے چاربجے کھیلا جائیگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اصلاح الدین و ڈاکٹرشاہ ہاکی اکیڈمی میں جاری ٹورنامنٹ میں منگل کو کھیلے گئے پہلے کوارٹرفائنل میں ایونٹ میں سب سے زیادہ 29گول اسکورکرنے والی رؤف الیون کی ٹیم نے کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈ کو یکطرفہ معرکہ میں7-1 سے شکست دیدی، فاتح ٹیم کی جانب سے ٹیم کے کپتان سلمان خان نے ہیٹ ٹرک بناکر فتح میں کلیدی کرداراداکیا، انہوں نے میچ کے20 ویں، 45 اور53 ویں منٹ میں گول بناکہ یہ کارنامہ انجام دیا، سینٹرہاف عامراقبال نے تیسرے، لیفٹ آؤٹ وسیم اسلم نے8 ویں، حنین خالد نے23 ویں اور فل بیک عدنان حامد نے24 ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ کھائی۔

وارٹربورڈ کا واحدگول عباد نے میچ کے48 ویں منٹ میں اسکورکیا۔ دوسرے کوارٹرفائنل میں اولمپئن حنیف خان الیون نے نیشنل ہاکی کلب کوباآسانی تین کے مقابلے میں چھ گول سے مات دیکر فائنل فورمرحلے میں رسائی حاصل کرلی جہاں انکا مقابلہ شیروانی موٹرزہاکی کلب سے ہوگا، فاتح ٹیم کی جانب سے اولمپئن عبدالحسیم خان نے پانچویں،18ویں اور51 ویں منٹ میں تین بارگیند کوگول پوسٹ میں پہنچاکراپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی، فضیل خان نے دو گول 15ویں اور52 ویں منٹ میں اسکورکئے جبکہ انکی جانب سے چھٹا گول قوی خان نے 40 ویں منٹ میں اسکورکیا، نیشنل ہاکی کلب کی جانب سے اولمپئن کامران اشرف نے میچ کے 13ویں ، محمد نوید نے 34ویں اور اولمپئن ناصر احمد نے43ویں منٹ میں ایک، ایک گول اسکورکیا۔

ان میچوں میں قربانی علی، کامران رئیس، محمد ارشد اور تکریم افتخارنے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔ ٹورنامنٹ میں آج آرام کا دن ہے کل جمعرات کو پہلا سیمی فائنل اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر شاہ اکیڈمی اور رؤف الیون کے مابین شام ساڑھے چاربجے کھیلا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :