اوکاڑہ ،پولیس مقابلے میں ”رتو“ ڈکیت گینگ کا سر غنہ ساتھی سمیت ماراگیا

ہفتہ 4 اپریل 2015 13:36

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) اوکاڑہ کے نواح میں پولیس مقابلے کے دوران ”رتو“ ڈکیت گینگ کا سر غنہ اور اسکا ساتھی ڈاکو اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگیا، ساتھی ڈاکووٴں کو ہلاک کرنے کے بعد دو ڈاکو ساتھیوں کی نعشیں چھوڑ کر فرارہوگئے ،مرنے والے ڈاکو اوکاڑہ اور قصور پولیس کو ڈکیتی اور ڈکیتی قتل کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ کیپٹن (ر) محمد فیصل رانا نے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ رات پونے بارہ بجے تھانہ صدر دیپالپور پولیس کو اطلاع ملی کہ تھانہ صدر دیپالپور کے علاقہ پل لدھیوال میں چار نا معلوم مسلح ڈاکووٴں نے راہگیروں کو لوٹنے کے لئے ناکہ لگا رکھا ہے۔ پولیس موقع پر پہنچی تو ڈاکووٴں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

(جاری ہے)

میں نے اے ایس پی دیپالپور بقا بگٹی کو موقع پر پہنچنے کی ہدائت کی وہ بھی موقع پر پہنچ گئے۔

ڈاکو فصلوں میں چھپ کر پولیس پر دو اطراف سے فائرنگ کرتے رہے۔پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ 20منٹ تک جاری رہنے والے اس پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو اپنے ساتھی ڈاکووٴں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔جن ڈاکووٴں کی فائرنگ سے ہلاکتیں ہوئیں وہ مرنے والے ڈاکووٴں کی نعشوں کو چھوڑ کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فصلوں سے فرار ہو گئے۔

پولیس نے مرنے والے ڈاکووٴں کی نعشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال اوکاڑہ منتقل کیا۔جبکہ مرنے والے ڈاکووٴں کی نعشوں کے قریب سے ایک کلاشنکوف، ایک رائفل اور دو بلا نمبری موٹر سائیکل قبضے میں لے لیا،جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ موٹر سائیکل وارداتوں کے دوران چھینے گئے تھے۔ڈی پی او نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ میں میڈیکل بورڈ نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیا۔

جسکے بعد نعشوں کی شناخت ”رتو“ ڈکیت گینگ کے سرغنہ ارشد عرف رتو اور صابر کے نام سے ہوئی۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو اوکاڑہ اور قصور پولیس کو ڈکیتی اور ڈکیتی قتل کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔ڈی پی او نے کہا کہ فرار ہونے والے ڈاکووٴں کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :