پنجاب کی رنگا رنگ ثقافت اور علمی،ادبی روایات کو فروغ دیکر عوام کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کیلئے صوبہ بھر میں جشن بہاراں کا انعقاد خادم پنجاب کا شاندار اقدام ہے

سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں افضل حسین تارڑ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 16 اپریل 2015 21:34

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء) سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں افضل حسین تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب کی رنگا رنگ ثقافت اور اسکی شاندار علمی،ادبی روایات کو فروغ دیکر عوام کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کے سلسلہ میں صوبہ بھر میں جشن بہاراں کا انعقاد خادم پنجاب محمد شہباز شریف کا شاندار اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مشینی اور افراتفری کے دور میں لوگوں کو مثبت سرگرمیوں کی اشد ضرورت ہے اور ذہنی و جسمانی تفریح کے پروگراموں میں شرکت سے روز مرہ زندگی کے گونا گوں مسائل سے وقتی طور پر ہی سہی مگر چھٹکارا مل جاتا ہے اور لوگ مل بیٹھ کر زندگی کی خوشیوں سے لطف اندوز ہو پاتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی حکومت اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن حافظ آباد کے زیر اہتمام منعقدہ مشاعرہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈی سی او محمد عثمان ،اے ڈی سی /ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے نعمان حفیظ،اے سی عمر فاروق وڑائچ،جی اے آر سعید احمد خان ،ٹی ایم او حیدر علی چٹھہ ، ٹی او آر اکرام اللہ سندھو سمیت سرکاری افسران ،معززین اور علمی ادبی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ حافظ آباد کی شاندار علمی ،ادبی تاریخ ہمارے لیے باعث فخر ہے اور یہاں کے ادیبوں اور شاعروں کا تخلیقی معیار ہر لحاظ سے بڑے شہروں کے شعراء اور ادبا ء ہم پلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے مشاعرہ میں پڑھے جانے والا کلام بیحد معیاری اور شاندار رہا اور وہ مثالی شعرا کے معیار کو سراہتے ہیں۔ڈی سی او محمد عثمان نے کہا کہ مقامی شعراء کو ضلعی سطح پر ایک پلیٹ فارم مہیا کر دیا گیا ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ اس طرح کی ادبی تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے بھی مقامی شعراء کے تخلیقی معیار کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر بھی ادیبوں ،شاعروں کی پذیرائی کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔مشاعرے میں نسیم صابری،اسحاق انصاری،عبدالغنی تائب ،حنیف ساقی،اعظم توقیر،سیف بھٹی،اعجاز شاکر،ظہیر اکبر مرزا ،نجم الحسن کاظمی ،سید محمود بسمل،بشیر دیوانہ،راشد تاثیر ،ذکاء اللہ اثر ،شفیق شاہد ،محسن شبیر جعفری ،مظہر محسن ،عارش کاشمیری اور فاروق بزمی نے اپنا کلام پیش کیا اور شرکاء سے خوب داد وصول کی۔

متعلقہ عنوان :