گناہ مزدوروں اور شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے والے بلوچ ناراض رہنما نہیں ٗ دہشت گرد ہیں ٗ صوبائی وزیر داخلہ

دہشت گردوں کا خون کے آخری قطرے تک پیچھا کریں گے ،میرسرفراز بگٹی

ہفتہ 18 اپریل 2015 21:06

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر داخلہ میرسرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں اور شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے والے بلوچ ناراض رہنما نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں جو انڈیا کی ایجنسیوں سے پیسے لیکر بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہارہے ہی جن کا خون کے آخری قطرے تک پیچھا کریں گے،شہدائے زہری کی قربانی کی بدولت مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن کرسامنے آئی۔

یہ بات انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے زیراہتمام شہدائے زہری کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے صوبائی وزیر خوراک میر ا ظہار حسین کھوسہ ، ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ،مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدرملک ابرار محمود ، صادق بٹ ، داؤد کھرل ،قیوم شاہوانی ،مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری اطلاعات علاؤ الدین کاکڑ،شمشاد مغل ،مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے حیدر خان اچکزئی ، توصیف گیلانی ،اصغر خلجی وہاب اٹل ،وارث خان اچکزئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرداخلہ میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء قوم کی حیات ہوتے ہیں شہداء زہری نے پاک وطن کیلئے قربانی دی ہے شہداء زہری کو ہم سے جسمانی طور پر جدا کردیا گیا لیکن انکے نظریات آج بھی زندہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و چیف آف جھالاوان نواب ثناء اﷲ زہری نے گاڑی سے سرخ پرچم اتار کر پاکستانی پرچم لہرایا جو ملک دشمن عناصر کو پسند نہیں آیا اورانہوں نے انکے قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں نواب ثناء زہری کے بیٹے ، بھائی اور بھتیجے سمیت دیگر کارکن شہید اورزخمی ہوگئے لیکن نواب ثناء اﷲ زہری نے پاکستانی پرچم نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ انڈین ایجنسیوں سے پیسے لیکر مزدروں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے بلوچ ناراض رہنما نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں جو بیرون ملک بیٹھ کر پیسے لیکر معصوم پاکستانوں کو نشانہ بناتے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں سوئٹرز لینڈ، لندن اور دیگر ممالک میں بیٹھے افرادکہتا ہوں کہ وہ دہشت گردی کی کاروائیوں سے باز آجائیں بصورت دیگر انکا خون کے آخری قطرے تک پیچھا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تربت میں بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانے والے ناراض بلوچ نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں جو پاکستان کے دشمن ہیں جنہیں کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تربت میں سیکورٹی فورسز کے حملے میں ہلاک ہونے والاحیات بی ایل ایف کا کمانڈر تھا جو کچھ عرصہ قبل سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوکر معذور ہوا تھا وہ کوئی عام شہری نہیں تھا بلکہ دہشت گرد تھا ۔

صوبائی وزیر خوراک میر اظہار حسین کھوسہ ،ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ ، مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر ملک ابرار محمود،صادق بٹ ، ،علاؤ الدین کاکڑ توصیف گیلانی ،حیدر خان اچکزئی ، اصغر خلجی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواب ثناء اﷲ زہری اور انکے خاندان کو محب وطن ہونے کی پاداش میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شہیدسکندر زہری ،شہید مہراﷲ زہری، شہید زیب زہریسمیت دیگر کارکن شہید اورزخمی ہوگئے شہداء زہری کی قربانیوں کی بدولت مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت بن کر سامنے آئی ۔

انہوں نے کہا کہ مری معاہدے کے تحت بلوچستان کے اگلے وزیراعلیٰ مسلم لیگ(ن) کے صدر و چیف آف جھالاوان نواب ثناء اﷲ زہری ہونگے میاں نواز شریف اور نواب ثناء اﷲ خان زہری کی کوشش ہے کہ تکالیف برداشت کرنے والے کارکنوں کو آگے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے کارکنوں کے ہمارے دروازے ہر وقت کھولے ہیں کارکنوں کے مسائل کو حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے نواب ثناء اﷲ زہری کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں فعال اور مضبوط ہے اور انشاء اﷲ مری معاہدے کے تحت وزارت اعلیٰ کا منصب ملنے کے بعد نوجوانوں کو میرٹ کے مطابق روزگار دیں گے۔

متعلقہ عنوان :