جامعہ اردو کے پروفیسر ڈاکٹر سلمان ڈی محمد کو ریسرچ پیپرز میں سرقہ نویسی ثابت ہونے پر برطرف کردیا گیا

پیر 20 اپریل 2015 17:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء)وفاقی اردو یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کے 31ویں اجلاس کے فیصلے کے مطابق جامعہ کے پروفیسر ڈاکٹر سلمان ڈی محمد کو انکے مطبوعہ ریسرچ پیپرز میں سرقہ نویسی ثابت ہونے پر برطرف کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کی سرقہ نویسی کے خلاف جامعہ نے10رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں رئیس کلیہ جات کے علاوہ قائداعظم یونیورسٹی ، اسکول آف اکنامکس کے ڈئریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اعتزاز احمد او ر نسٹ یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اطہر مقصود احمد شامل تھے۔

ڈاکٹر سلمان ڈی محمد کے مطبوعہ ریسرچ پیپرز میں سرقہ نویسی کی تحقیقاتی رپورٹس پروفیسر ڈاکٹر اعتزاز احمد نے17مارچ اور ڈاکٹر اطہر مقصود نے13مارچ کو جمع کرائی تھیں۔ جبکہ تحقیقاتی کمیٹی کی مجموعی رپورٹ 10اپریل2015 کو جمع کرائی گئی۔بعد ازاں ان رپورٹس کے بارے میں سنڈیکیٹ کے31ویں اجلاس منعقدہ20اپریل2015 میں بحث کی گئی اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی جامعہ اردو کے قانون کے مطابق ڈاکٹر سلمان ڈی محمد کو ان کے عہدے سے برطرف کیا جاتا ہے۔