پاک فوج کا0 25افراد پر مشتمل فوجی دستہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں حصہ لینے کیلئے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے کانگو روانہ

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:10

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء ) پاک فوج کا0 25افراد پر مشتمل فوجی دستہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں حصہ لینے کے لئے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے کانگو روانہ ہوگیا۔ بریگیڈئیر شاہد منظور نے فوجی دستے کو الوداع کیا۔ پاک فوج کے دستے گزشتہ ایک دہائی سے کانگو میں امن مشن کے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

روانگی سے قبل امن دستے سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئیر شاہد منظور نے کہا کہ امن مشن میں شمولیت پاک فوج کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے اور بیرون ملک خدمات کے دوران انہیں اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئی مثالی کردار کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے فوجی جوانوں پر زور دیا کہ وہ پاک فوج کی درخشندہ روایات کو اپناتے ہوئے دیار غیر میں مصیبت میں گھرے لوگوں کی سچے جذبے سے خدمت کریں تاکہ بین الاقوامی سطح پرپاکستان کے وقار میں مزید اضافہ ہو ۔پاک فوج گزشتہ 55سال سے اقوام متحدہ کی امن فوج میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ اس کے دستوں نے صومالیہ، کمبوڈیا، ہیٹی، بو سنیا، مشرقی تیمور، سئیر الیون ، مشرقی سلوینیا، ایوری کوسٹ، لائیبریا، برونڈی، سوڈان میں قابل قدر خدمات انجام دی ہیں اور عالمی امن کی بحالی اور بین الاقوامی ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔