وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا بجٹ سکیم 2014-15ء پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار

چھوٹے کاشتکاروں کیلئے جلد قرضہ سکیم کے اجراء کیلئے تیاریاں مکمل کی جائیں ٗ اجلاس سے خطاب

جمعہ 1 مئی 2015 18:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بجٹ سکیم 2014-15ء پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے کاشتکاروں کیلئے جلد قرضہ سکیم کے اجراء کیلئے تیاریاں مکمل کی جائیں۔ جمعہ کو وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت میں بجٹ سکیم 2014-15ء پر عملدرآمد کیلئے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ بجٹ میں کل 33 ایسی سکیمیں تھیں جن میں سے اکثر پر مکمل عملدرآمد کیا گیاٗ دیگر پر پیشرفت ہو رہی ہے۔

ان اہم منصوبوں میں سے ٹیکس اصلاحات کمیشن جس نے اپنی رپورٹ فائنل کر دی ہے، برآمدات پر مارک اپ کی شرح میں کمی، سیلز ٹیکس ریفنڈ، ٹیلی سنٹر کے قیام، کراپ لون انشورنس سکیم کی ادائیگی، پریمیئم، ایگزیم بینک کا قیام، ایل این جی کی درآمد، ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ اور دیگر تشکیل نو شامل ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے بجٹ سکیموں 2014-15ء پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کیلئے جتنا جلدی ممکن ہو کریڈیٹس سکیم شروع کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کی جائیں انہوں نے ٹیکس ریفارمز کمیشن کی سفارشات پر نظرثانی کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کمیشن کی سفارشات کی عکاسی ہو۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے ایف بی آر میں ایک دوسرے اجلاس کی صدارت کی جس میں محصولات کے حصول کی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2014-15ء کے دوران محصولات کے طے شدہ اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :