کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات، سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کے راز کھل گئے

بلدیاتی انتخابات میں اصل ٹاکرا پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں ہو گا، رپورٹ

اتوار 3 مئی 2015 17:41

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات، سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کے راز کھل گئے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات نے سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کے راز کھول دیئے‘ انے والے بلدیاتی انتخابات میں اصل ٹاکرا پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں ہو گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق مقامی حکومت کے اداروں کی ابتداء 306 سال قبل مسیح یونان میں شروع ہوئی جنہیں بعد میں عدالتی اختیارات اور بعد ازاں یہ خودمختار ادارے بن گئے۔

سعودی عرب میں بھی اسلام کی آمد سے قبل ایک ایسی جماعت موجود تھی جس کی ذمہ داریوں میں شہر کے لئے پانی‘ زائر کے لئے آرام و آسائش کا انتظام‘ کعبہ کی حفاظتاور دوسرے ضروری امور شامل تھے۔ ان کے لئے باقاعدہ طور پر علیحدہ علیحدہ محکمے تھے۔ اسے بھی ہم مقامی حکومت کا نام دے سکتے ہیں۔ برصغیر میں مقامی حکومتوں کی ابتداء 300 سال قبل مسیح میں ہوئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات تمام سیاسی جماعتوں کے لئے ایک بہت بڑا امتحان ہیں۔ ایک طرف دہشتگردی کے خلاف جنگ ہے تو دوسری طرف لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل ہیں۔ تحریک انصاف سندھ ‘ کے پی کے اور پنجاب میں اپنی مقبولیت کا گراف آگے بڑھانے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ پیپلزپارٹی‘ ایم کیو ایم کو اپنی نشستیں برقرار رکھنے کے لئے بھرپور محنت کرنا ہو گی۔ جبکہ مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی مل کر کچھ جگہوں پر اہم کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔