عدالتی احاطے میں میڈیا کے نمائندوں پر بدترین تشدد ریاستی دہشتگردی اور توہین عدالت کے مترادف ہے،ترجمان جماعت اسلامی سندھ

ہفتہ 23 مئی 2015 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے سابق وزیرداخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کی عدالت پیشی کے موقع پر کوریج کرنے والے میڈیا کے نمائندوں پر سندھ حکومت کے نقاب پوش پولیس کمانڈوز کی جانب سے بدترین تشدد اور کیمیرے توڑنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشتگردی اور آزادی صحافت کا گلا گھونٹنے کی کوشش قراردیا ہے اور مطالبہ کیا کہ واقعہ کا نوٹس لیکر ملوث اہلکاروں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ عدالتی احاطے میں سادہ لباس پولیس اہلکاروں کی جانب سے میڈیا کے نمائندوں پر بدترین تشدد اور عدالتی احکامات کو نظرانداز کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور توہین عدالت کے مترادف ہے، لگتا ہے کہ سندھ میں قانون وانصاف نام کی کسی چیز کا وجود نہیں،قانون اور انصاف صرف سندھ حکومت کی چند بااثر شخصیات کے اردگرد گھومتا نظر آتا ہے۔ جس طرح سے سرِ عام دہشتگردوں کی طرح میڈیا کے نمائندوں پر تشدد کیا گیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی یہ عوامی وجمہوری حکومت کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔