بحالی جمہوریت اورعدلیہ کی آزادی کیلئے وکلاء نے بے پناہ قربانیاں دیں،پنجاب بھر کی بار ایسوسی ایشن کا جلددورہ کروں گا،

گورنرپنجاب محمد رفیق رجوانہکا ملتان ہائی کورٹ بار سے خطاب

پیر 25 مئی 2015 22:52

ملتان ۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وکلاء برادری نے جمہوریت کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب بھر کی بار ایسوسی ایشن کا دورہ کریں گے اور ان کے لئے مالی گرانٹ کا اعلان کریں گے۔اس حوالے سے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے انہیں فنڈز فراہم کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے ملتان ہائی کورٹ بار کو 30لاکھ روپے کا چیک دیا اور ملتان میں سروس ٹریبونل ،بورڈآف ریونیو کی رجسٹری قائم کرنے اور ہائی کورٹ کی بلڈنگ میں سکیورٹی کی غرص سے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا اعلان کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لئے ہاؤسنگ سکیم کاآغاز کرنے اور پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وہ ملتان ہائی کورٹ بار سے خطاب کررہے تھے۔تقریب میں ملتان ہائی کورٹ بارکے صدر محمد علی گیلانی اور ممبران کے علاوہ بہاولپور،ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اضلاع کے ڈسٹرکٹ بارزکے صدور اور پاکستان بار کونسل کے اراکین،جسٹس ریٹائرڈ جہانگیر ارشد،جسٹس ریٹائرڈ الطاف ابراہیم،کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن(ر) اسداللہ خان،ممبران قومی اسمبلی سید جاوید علی شاہ،ملک عبدالغفار ڈوگر اور ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل بھی موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ وکیل ہیں اور کالے کوٹ اور ٹائی سے انہیں آج بھی محبت ہے اس لئے گورنر ہاؤس میں بھی ان کاکالا کوٹ اور ٹائی موجود ہے اور جب وہ گورنر ہاؤس سے جائیں گے تو سیدھے بار میں آئیں گے۔یہیں ان کا دل دھڑکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا گورنر بننا وکلاء برادری کے لئے اعزاز ہے اور وہ پنجاب کی تمام بارز کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف ضرب عضب میں مصروف ہے اور پاک فوج کے جوان اپنا آج پاکستان کے کل کے روشن مستقبل کے لئے قربان کر رہے ہیں کیونکہ دہشت گردی کے خاتمہ سے معاشی خوشحالی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ حکومت نے چین کے ساتھ 46ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں اور اقتصادی راہداری کا میگا پراجیکٹ شروع کیا جارہا ہے جس کے دور رس نتائج بر آمد ہوں گے۔

انہوں نے وکلاء سے کہا کہ وہ رائے عامہ کو ہموار کرنے اور حکومت کو مضبوط بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ جمہوریت کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انہوں نے وکالت اور سیاست دونوں ایمانداری سے کی ہے اور وہ جب گورنر ہاؤس سے جائیں گے تو بھی ان کا دامن صاف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ان کا گورنر بننا جنوبی پنجاب کے احساس محرومی کو ختم کر نے کی طرف پہلا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف ملتان بلکہ جنوبی پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبے کو ترقی دینے کے لئے موثر پالیسی تیارکی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری لاء کالجز کے الحاق کے حوالے سے انہیں تجاویز دیں تاکہ قانون کی تعلیم کا معیار بہتر بنایا جاسکے۔اس طرح صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں کے بھی کنسورشیم بنائے جائیں گے تاکہ ایجوکیشن کی کوالٹی کو ترقی دی جاسکے۔

محمد رفیق رجوانہ نے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کے حوالے سے کمشنر ملتان ڈویژن کیپٹن (ر) اسداللہ خان اور ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل کی تعریف کی اور کہا کہ اچھا کام کیا جارہا ہے لیکن بہتری کی گنجائش اب بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان کے تمام جاری میگاپراجیکٹس کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے اور عوام جلد مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میٹروبس کے روٹ کے لئے متاثرین کو پُر کشش معاوضہ دیا جائے گا تاکہ وہ خوشی سے اپنی زمین منصوبے کے لئے دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ججز کی تعداد بڑھانے اور بینکنگ کورٹ کا کریمینل بینچ قائم کرنے کا اختیار چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کے پاس ہے البتہ انہیں اس حوالے سے سفارش کی جائے گی۔گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ ہائی وے کی بلڈنگ بار کو دلوانے کی کوشش کی جائے گی اور بار کو ایک گاڑی فراہم کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔

ہائی کورٹ بار کے صدر سید محمد علی گیلانی نے اس موقع پر گورنر پنجاب کو ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے شیلڈ پیش کی اور انہیں بار کی لائف ٹائم ممبر شب دینے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں گورنر پنجاب سے سرکٹ ہاؤس میں ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد ہ حسنین ،پراجیکٹ ڈائریکٹر نواز شریف زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ،نواز شریف انجینئرنگ یونیورسٹی کے پروفیسر سجاد حسین نے ملاقات کی اور انہیں مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے انہیں مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت ویمن یونیورسٹی کو متی تل روڈ پر مزید اراضی خریدنے کے لئے فنڈز فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :