` پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو7 ماہ بعد والد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے

بلاول ہاوٴس میں شاندار استقبال ،آمد سے قبل ائیر پورٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات دبئی کی پرواز سے کراچی پہنچے تو ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر بلاول ہاؤس پہنچے`

پیر 1 جون 2015 22:07

` پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو7 ماہ بعد والد کے ہمراہ پاکستان پہنچ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء) پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو7 ماہ بعد اپنے والد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے ہیں، بلاول ہاوٴس میں شاندار استقبال کیا گیا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی آمد سے قبل ائیر پورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس کے جوانوں کے ساتھ ایس ایس یو کے کمانڈوز کو بھی ائیرپورٹ پر تعینات کیا گیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری دبئی کی پرواز سے کراچی پہنچے تو پہلے سے تیار ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر وہ بلاول ہاؤس پہنچے۔پیپلز ذرائع کے مطابق بلاول بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی قیادت کریں گے اور کارکنوں کو متحرک کریں گے۔ بلاول کی واپسی میں آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو کی آصف علی زرداری سے اختلافات کی خبریں بھی آتی رہی ہیں،جبکہ پارٹی قیادت ان خبروں کی تردید بھی کرتی رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول ہاوٴس میں آرام کے بعد اہم ملاقاتیں کریں گے۔ جس کے بعد باقاعدہ طور پرسیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لیے سندھ میں منعقدہ جلسوں میں بلاول بھٹو زرداری شریک ہوں گے۔ خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری 18 اکتوبر 2014ء کو باغ جناح میں جلسہ میں سیاسی کیرئیر کا آغاز کرنے کے چند روز بعد ہی اختلافات کی وجہ سے بیرون ملک روانہ ہو گئے تھے۔ اس دوران بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس اور اپنی والدہ کی برسی کی تقریبات میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔ `