ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیز میں امتحانات میں شفافیت اورنقل کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ

آئندہ سال سے گریجویشن،ایم اے /ایم ایس سی،ایم فل ،پی ایچ ڈی کے امتحانات میں طلبہ کی حاضری بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے لگائی جائیگی، ہائر ایجوکیشن کمیشن کاتمام سرکاری یونیورسٹیز کو مراسلہ جاری

اتوار 7 جون 2015 14:24

لاہور ۔7 جون(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جون۔2015ء) ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیز میں امتحانات کی شفافیت اورنقل کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ کرلیا گیاہے،جبکہ آئندہ سال سے گریجویشن،ایم اے /ایم ایس سی،ایم فل ،پی ایچ ڈی کے امتحانات میں طلبہ کی حاضری بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے لگائی جائیگی، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے تمام سرکاری یونیورسٹیز کو مراسلہ جاری کردیا۔

اس حوالے سے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے امتحانات کو شفاف و فول پروف اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے ،نقل کی روک تھام کیلئے ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیز میں طلبہ کی حاضری کو بائیومیٹرک سسٹم کرنے کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی ہے،منصوبے کے تحت آئندہ سال 2016ء سے گریجویشن،ایم اے /ایم ایس سی،ایم فل ،پی ایچ ڈی کے ہونیوالے امتحانات میں طلبہ کی حاضری بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے لگائی جائیگی،اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے تمام سرکاری یونیورسٹیز کو مراسلہ بھی جاری کردیا ہے کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں میں نقل کی روک تھام ، امتحانات کو فول پروف اور شفاف بنانے کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کے نفاذ کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذرائع نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جون۔2015ء کو بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اہم تعلیمی پروگرامز کی معاون تدریسی ورکشاپس میں حاضری کو یقینی بنانے اور ورکشاپ میں طلبہ کی شرکت کولازمی بنانے کے لئے آئندہ سمسٹر سے بائیومیٹرک سسٹم متعارف کرایا جائیگا،جبکہ اگلے سال سے اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالے امتحانات میں طلبہ کی حاضری بھی بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے لگائی جائیگی۔

ذرائع کے مطابق امتحانات کی شفافیت میں مزید بہتری پیداکرنے اور ایجوکیشن سسٹم کو بین ا لاقوامی معیا ر کے مطابق لانے کیلئے یہ اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتا یا ہے کہ گریجوایشن سمیت دیگر امتحانات میں متعلقہ طالب علموں کی جگہ دوسرے افراد کی شرکت جیسے واقعات کی روک تھام سمیت دیگر تمام امکانات کو ختم کرنے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ تمام سرکاری یونیورسٹیز میں بائیومیٹرک سسٹم کے نفاذ سے امتحانات کی شفافیت پر اٹھنے والے اعتراضات کو نہ صرف روکنے بلکہ امتحانات میں نقل کے رجحانات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔