نذیر حسین یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرزکایونیورسٹی کے چانسلرپروفیسر ڈاکٹر پیر زادہ قاسم کی صدارت میں اجلاس

منگل 16 جون 2015 13:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء)نذیر حسین یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرزکا اجلاس گزشتہ روز یونیورسٹی کے چانسلرپروفیسر ڈاکٹر پیر زادہ قاسم کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں پاکستان کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیرخان،پروفیسر ڈاکٹر ایم ڈی شامی اور سندھ کے سابق وزیر تجارت اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی روؤف صدیقی سمیت دیگرنے شرکت کی ۔

اجلاس کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے نذیر حسین یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیر زادہ قاسم نے کہاہے کہ نذیر حسین یونیورسٹی کا قیام پاکستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں ایک انتہائی مثبت قدم ہے۔انہوں نے بتایا کہ نذیر حسین یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنر کے ممبران میں سائنس، ٹیکنالوجی اور علم و ادب سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی اہم شخصیات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمیڈیاسے بات چیت میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہانذیر حسین یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں ہوگا۔غریب اور متوسط طبقے کے نوجوانوں کیلئے نذیر حسین یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے ایک بہترین ادارہ ہے۔انہوں نے صاحبِ حیثیت افراد سے اپیل کی کہ نذیر حسین یونیورسٹی کیلئے اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔پروفیسر ڈاکٹر ایم ڈی شامی نے بھی پاکستان کے صاحبِ حیثیت افراد سے اپیل ہے کہ وہ غریب اور متوسط طبقے کیلئے قائم کی گئی نذیر حسین یونیورسٹی کی بے لوث خدمت کریں۔

سندھ کے سابق وزیر تجارت اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی روؤف صدیقی نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ نذیر حسین یونیورسٹی خدمتِ خلق فاؤنڈیشن کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔نذیر حسین یونیورسٹی میں لوئر اوڑ مڈل کلاس کے طلبہ کو میرٹ پر اسکالر شپ دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ نذیر حسین یونیورسٹی میں بزنس ایڈمنسٹریشن، آرکیٹیکٹ، میکینکل اور الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ جات موجود ہیں جبکہ فال سمسٹر میں فارمیسی ڈی کے شعبہ میں بھی داخلے شروع کئے جا رہے ہیں۔