متحدہ عرب امارات کا انٹرنیٹ اور سوشل میڈیاپر گالم گلوچ کی بھاری سزا مقرر کرنے پر غور

بدھ 17 جون 2015 14:11

متحدہ عرب امارات کا انٹرنیٹ اور سوشل میڈیاپر گالم گلوچ کی بھاری سزا ..

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 جون۔2015ء) متحدہ عرب امارات نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے دوسرے افراد کو گالم گلوچ اور نازیبا الفاظ کی ادائیگی پر سخت سزا اور بھاری جرمانہ عائد کرنے سے متعلق قانون سازی پر غور شروع کردیا۔عالمی میڈیا کے مطابق متذکرہ جرم کی پاداش میں ڈھائی لاکھ اماراتی درھم یعنی 68000 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ اور قید کی سزا تجویز کرنے کا امکان ہے۔

جرم کا ارتکاب کرنے والا اگر کوئی غیر ملکی تارک وطن ہوا تو اس کی امارات بدری بھی سزا میں شامل ہو گا۔

(جاری ہے)

مجوزہ مسودہ قانون کا امارات کی سپریم وفاقی عدالت جائزہ لے رہی ہے کیونکہ حال ہی میں ان ذرائع مواصلات کے غلط استعمال کی شکایات اور ان کی بنا پر عدالتوں میں مقدمات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔مقامی اخبار 'الامارات الیوم' کے مطابق ایک حالیہ مقدمے میں متحدہ عرب امارات کی ایک عدالت نے وٹس اپ پر ایک شخص کی دوسرے فرد کو گالم گلوچ کی پاداش میں تین ہزار درھم کی سزا سنائی۔مواصلاتی رابطوں کے بڑھتے ہوئے پلیٹ فارمز اور ان کے روزمرہ استعمال کے رجحانات کے بعد ان کے غلط استعمال پر کڑی سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دوسرں کے احترام کو یقینی بنانا ہے

متعلقہ عنوان :