محکمہ صحت نے پوسٹ گریجوایشن میں میڈیکل آفیسرز/ویمن میڈیکل آفیسرز کے داخلہ کیلئے جامع پالیسی جاری کر دی

بدھ 17 جون 2015 22:56

لاہور ۔17 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 جون۔2015ء) محکمہ صحت پنجاب نے پوسٹ گریجوایشن (FCPS) میں میڈیکل آفیسرز/ویمن میڈیکل آفیسرز کے داخلہ کیلئے ایک جامع پالیسی جاری کر دی ہے۔ اس پالیسی اور پی جی ٹرینی شپ میں داخلہ کے طریقہ کا اطلاق تمام میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں پر ہوگا جو ایف سی پی ایس کی ٹریننگ کراتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ نئی پالیسی سے ناصرف ڈاکٹروں کو اعلیٰ تربیت کے وسیع مواقع میسر آئیں گے بلکہ عوام کو بھی علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم ہوسکیں گی۔

محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق بنیادی مراکز صحت میں 2سال تک خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز کو پی جی ٹریننگ کی سلیکشن کے وقت 20اضافی نمبر دیئے جائیں گے۔ ترجمان نے کہاکہ قبل ازیں بنیادی مراکز صحت پر 2سال فرائض سرانجام دینے پر 15 اضافی نمبر دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیاگیا تھا جس میں مزید 5نمبروں کا اضافہ کرکے 20نمبر کر دیئے گئے ہیں۔ تمام ڈاکٹرز کو پوسٹ گریجوایشن (FCPS) ٹریننگ کے دوران ٹریننگ الاؤنس (Paid Seats) دیا جائے گا۔