بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ہاسٹل کی مساجد میں ختم قرآن شریف کی تقریب

جمعہ 10 جولائی 2015 21:05

اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جولائی۔2015ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ہاسٹل کی مساجد میں ختم قرآن شریف کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی قائم مقام صدر جامعہ ڈاکٹر محمد بشیر خان تھے۔ اس سال 13 حافظ قرآن طالب علموں نے کویت ہاسٹل فیصل مسجد کیمپس سمیت یونیورسٹی ہاسٹلز کی مختلف مساجد میں نماز تراویح کی امامت کے فرائض سرانجام دیئے۔

تقریب تکمیل قرآن میں ہیڈ المنائی ڈاکٹر حافظ محمد انور، مشیر طلباء ڈاکٹر حافظ عابد مسعود اور ڈائریکٹر (کیو ای سی) ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی نے بھی شرکت کی۔ اپنی تقریر میں ڈاکٹر بشیر خان نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں الله کی رحمتوں اور اس ماہ کی عظمت و فضلیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم حکمت، عزت و وقار کی کتاب ہے جو لوگوں کے لئے الله کی عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے۔

ڈاکٹر بشیر نے کہا کہ قرآن رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے جو نہ صرف کسی ایک جماعت، فرقے، اور ملک کے لیے بلکہ پوری انسانیت کے لئے راہ نجات بھی ہے، جو دنیا اور آخرت میں ہر کامیابی کی ضمانت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن ایک ایسی آفاقی کتاب ہے جس میں زندگی کے قوانین سکھلائے گئے ہیں، جس پر عمل پیرا ہوکر نسل انسانی کامیابی کی منازل طے کر سکتیں ہیں۔

ڈاکٹر بشیر خان نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے طالب علموں کو اسلام کی تعلیمات کے ساتھ ساتھ پرامن تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے مصروف عمل ہے ۔انہوں نے تمام حفاظ کر تکمیل قرآن پر مبارکباد بھی پیش کی۔ تقریب میں ڈاکٹر حافظ محمد انور، ڈاکٹر حافظ عابد مسعود اور ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں، ڈاکٹر بشیر خان نماز تراویح کی امامت کرنے والے ہر طالب علم کو رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے اعزازیہ کے طور پر 5000 کی نقد انعام اور تحائف بھی تقسیم کئے۔ واضح رہے کہ اس سال یونیورسٹی ہاسٹلز کی تمام مساجد میں نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا ہے۔