محکمہ صحت کا پانچ نئے میڈیکل کالجز کیساتھ منسلک 14 ٹیچنگ ہسپتالوں میں پوسٹ گریجویشن کی ٹریننگ شروع کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 11 جولائی 2015 15:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جولائی۔2015ء) محکمہ صحت نے پانچ نئے میڈیکل کالجز کے ساتھ منسلک5سمیت مجموعی طور پر 14 ٹیچنگ ہسپتالوں میں پوسٹ گریجویشن کی ٹریننگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔حکومت نے ان ہسپتالوں میں 290پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں کی نئی سیٹوں کی منظوری دے دی ہے ۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق علامہ اقبال میموریل ہسپتال سیالکوٹ جو کہ خواجہ محمد صفدرمیڈیکل کالج کے ساتھ منسلک ہے وہاں پر 20پوسٹیں مختص کی گئی ہیں اور اس کے لیے رواں مالی سال کے لیے 1کرورڑ14لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

10سیٹیں فاطمہ جناح گائناکالوجی ہسپتال نشترہسپتال ملتان اور اس کے لیے 57لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے ساتھ منسلک ڈی ایچ کیو گوجرانوالہ کے لیے 30سیٹیں اور اس کے لیے 1کروڑ71لاکھ روپے ، ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال کے لیے 32سیٹیں اس کے لیے 1کروڑ71لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ ٹیچنگ ہسپتالوں میں گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کے لیے 20،نواز شریف یکی گیٹ کے لیے 20،سید میٹھا ہسپتال کے لیے 20، کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے لیے بھی 20،فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ منسلک شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کے لیے 20،سردار بیگم ہسپتال سیالکوٹ 10،عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات 30، ڈی ایچ کیو ڈی جی خان 30، سول ہسپتال غلام محمد ہسپتال فیصل آباد، 20اور روالپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 10سیٹیں مختص کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے فنڈز کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد ہی جاری کر دیا جائے گا ۔