پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز میٹرک کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان 25جولائی کو کریں گے

پیر 13 جولائی 2015 13:15

فیصل آباد ۔13 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد ، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، بہاولپور ، ملتان ، ساہیوال، ڈی جی خان ، لاہور سمیت پنجاب بھر کے نو تعلیمی بورڈز میٹرک کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلا ن 25 جولائی بروزہفتہ کو کریں گے جبکہ پوزیشن ہولڈرز کاعلان 24 جولائی کو کیاجائیگا۔

پنجاب ایجوکیشن بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز کے ترجمان نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء کو بتایاکہ مذکورہ نتائج انتہائی شفاف طریقے سے تیار کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ نتائج کے اعلا ن کے موقع پر تمام بورڈز کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات کا بھی سادگی سے انعقاد کیا جائیگا جس میں پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں میڈلز ، نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء اس ضمن میں تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے زیر انتظام ایک تقریب 25 جولائی کی صبح ساڑھے10بجے بورڈ آڈیٹوریم فیصل آباد میں منعقد ہو گی جس میں صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان سمیت دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے ۔ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ سی ڈی گزٹ یو بی ایل کوتوالی روڈ، ایم سی بی سرکلر روڈ ، اور یو بی ایل سرکلر روڈ کی برانچز سے مقررہ200روپے قیمت ادا کرکے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔