خیبر پختونخواکے میڈیکل انٹری ٹیسٹ2015 کی آن لائن رجسٹریشن عید الفطر تعطیلات کے دوران بھی جاری رہیگی

جمعرات 16 جولائی 2015 14:52

پشاور۔16 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جولائی۔2015ء) خیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور نے9اگست کو صوبے کے میڈیکل او رڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لئے منعقد ہونے والے ایٹا انٹری ٹیسٹ کی آن لائن رجسٹریشن عید الفطر کی تعطیلات کے دوران بھی جاری رکھنے کااعلان کیاہے۔ یہ فیصلہ یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر فضل محمود کی صدارت میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیاگیاہے جس میں ڈائریکٹر یٹ آف ایڈمشن اینڈ اکیڈیمکس، آئی ٹی اور ایڈمنسٹریشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر فضل محمود نے آن لائن رجسٹریشن کے جاری عمل پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے عید الفطر کی پانچ روزہ سرکاری تعطیلات کے دوران بھی ایٹا ٹیسٹ دینے کے خواہشمند طلباء وطالبات کی سہولت کی خاطر آن لائن رجسٹریشن جاری رکھنے کا فیصلہ کیاہے۔

(جاری ہے)

اس عرصے میں آن لائن رجسٹریشن کا سلسلہ جاری رہے گا اور طلباء وطالبات کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ صوبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لئے ایٹا ٹیسٹ میں شرکت لازمی ہے اور اس سال کا ٹیسٹ صوبے کے پانچ مختلف مراکز پر9اگست کو منعقد ہوگا جس کے لئے رجسٹریشن کا عمل یکم جولائی سے جاری ہے اور اس سلسلے میں اب تک11981 طلباء وطالبات کی رجسٹریشن مکمل ہوچکی ہے۔

متعلقہ عنوان :