پاکستان اور امریکہ نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور اعلیٰ سطحی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق، باہمی اعتماد مزید مضبوط کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کا فیصلہ

پاک امریکہ سٹریٹیجک شراکت داری مزید مضبوط و مستحکم ہوگی، طارق فاطمی اور سوزن رائس کے درمیان ملاقات میں عزم امر یکہ کا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی گرانقدر قربانیوں کا اعتراف ، علاقائی اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعلان

بدھ 22 جولائی 2015 19:03

واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء ) پاکستان اور امریکہ نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات کو جاری رکھا جائیگا ، باہمی اعتماد کو مزید مضبوط کرنے اور اعلیٰ سطحی تیاریوں کا تسلسل مزید مستحکم بنانے کیلئے مل کر کام کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا اور کہاگیا کہ پاک امریکہ سٹریٹیجک شراکت داری مزید مضبوط و مستحکم ہوگی جبکہ امر یکہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی گرانقدر قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کے عزم کو سراہا اور اس حوالے سے انہوں نے جنوبی ایشیاء کے ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دیکر علاقائی اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے اپنی کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہ اتفاق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی اور امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں کیا گیا ۔ اس موقع پر امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں طارق فاطمی نے سوزن رائس کو پاکستان کی جانب سے معیشت ، اندرونی سیکیورٹی میں بہتری اور ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔

فاطمی اور رائس نے پاک امریکہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور ان کے مثبت راہ پر گامزن ہونے اور پیش رفت ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے خطے میں ابھرتی نئی صورتحال اور مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ سوزن رائس نے خصوصی طور پر پاکستان کی ہمسائیہ ممالک کے ساتھ مثبت سوچ کو سراہا جو وزیراعظم کے پرامن ہمسائیگی کے وژن کا حصہ ہے ، انہوں نے کہا کہ خطے میں دیر پا امن و استحکام کے حصول میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے ، دونوں فریقین نے افغانستان میں امن امن اور مفاہمت کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ، امریکی قومی سلامتی کی مشیر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی گرانقدر قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کے عزم کو سراہا اور اس حوالے سے انہوں نے جنوبی ایشیاء کے ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دیکر علاقائی اقتصادی ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے امریکہ کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں اطراف سے یہ اتفاق کیا گیا کہ باہمی اعتماد کو مزید مضبوط کرنے اور اعلیٰ سطحی تیاریوں کا متحرک مزید مستحکم بنانے کیلئے مل کر کام کیا جائے ۔

طارق فاطمی اور سوزن رائس نے اس بات پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک امریکہ سٹریٹیجک شراکت داری مزید گہری اور مستحکم ہوگی ۔ انہوں نے سٹریٹیجک مذاکرات کی بحالی کے تحت ورکنگ گروپ کے مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ان دنوں امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں اور وہ امریکی کانگریس کے ارکان اور انتظامیہ کے سینئر حکام سے ملاقاتیں کررہے ہیں ۔ (عمر)

متعلقہ عنوان :