کھیوڑہ میں وبائی مرض پھوٹ پڑا۔ اسپتال مریضوں سے بھر گئے

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 27 جولائی 2015 11:16

کھیوڑہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) کھیوڑہ میں وبائی مرض پھوٹ پڑا۔ اسپتال مریضوں سے بھر گئے۔ ایک بستر پر تین مریض لیٹے ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ شہر میں پیٹ کے مرض کی وبا پھیل گئی ہے۔ یہ وبا رمضان شریف کے مہینہ میں عید سے قبل شروع ہوئی تھی جس میں اب ہر روز اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ مریض پیٹ میں درد کی شکائت کرتا ہے اس کے علاوہ اسے جلاب اور الٹیاں بھی آتی ہیں۔

یہ مرض شہر میں اس قدر بڑے پیمانہ پر پھیلا ہوا ہے کہ کھیوڑہ شہر کی نصف سے زیادہ آبادی اس مرض میں مبتلا ہو چکی ہے۔ اور اب تو عالم یہ ہے کہ محکہٴ نمک کا اسپتال، سوڈا ایش فیکٹری کا اسپتال اور سول اسپتال کھیوڑہ مریضوں سے بھر گئے ہیں۔سول اسپتال کھیوڑہ میں اس وقت ایک بیڈ پر تین مریض زیرِ علاج ہیں۔

(جاری ہے)

شہر میں موجود میڈیکل اسٹوروں پر پیٹ کے مرض کی ادویات ختم ہو چکی ہیں۔

سول اسپتال کھیوڑہ کے ڈاکٹر عثمان کا کہنا ہے کہ پیٹ کی بیماری کی وجہ پینے کا خراب پانی ہے۔شہر میں پینے کا پانی سپلائی کرنے کی ذمہ دار بلدیہ کھیوڑہ ہے۔جس کی واٹر سپلائی اکثر مقامات پر پھٹی ہوئی ہے اور اس سپلائی میں گندی نالیوں کا پانی شامل ہو جاتا ہے۔ یہ پانی اب بہت نادار اور فقیر قسم کے شہری ہی استعمال کرتے ہیں عام شہری پینے کا پانی پرائیویٹ واٹر سپلائرز سے مول خرید کر استعمال کرتے ہیں۔

اب ہو یہ رہا ہے کہ کچھ بد دیانت واٹر سپلائر منہ مانگے دام لے کر بھی بجائے اچھا فلٹر شدہ پانی مہیا کرنے کے اپنی آسانی کے لئے شہریوں کو بلدیہ کا غلیظ پانی دے دیتے ہیں ۔جس کا نتیجہ اس مرض کی صورت میں بر آمد ہو گیا ہے۔ طبی ماہرین اب شہریوں کو پانی ابال کر استعمال کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔