خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات ،ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ پولنگ کا دورانیہ 11 گھنٹے ہو گا

جمعرات 30 جولائی 2015 11:43

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات ،ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ پولنگ کا دورانیہ ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جولائی2015ء) خیبرپختونخوا کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے جب کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پولنگ کا دورانیہ 11 گھنٹے رکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح 7 بجے شروع ہو جو بلا تعطل شام 6 بجے تک جاری رہے گا،بلدیاتی انتخابات کے لئے مجموعی طور پر 356 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے لئے پشاورمیں 29، نوشہرہ میں 89، چارسدہ میں 45 اورمردان کے 42 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ہو رہی ہے، صوابی کے 17، کوہاٹ کے 5، ہنگو کے 4 اور کرک میں 70 پولنگ اسٹیشنز پرری پولنگ ہو رہی ہے، اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان کے 8، ایبٹ آباد کے 7 اورمانسہرہ کے 6 پولنگ اسٹیشنزپر بھی ری پولنگ ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ملکی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہو اہے کہ ووٹنگ کا دورانیہ 11گھنٹے رکھا گیاہے ۔ بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات رہیں گے جب کہ پشاور شہر میں دفعہ 144 نافذ رہے گی جس کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد رہے گی۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں 29 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی اور لڑائی جھگڑوں کے واقعات کے باعث الیکشن کمیشن نے صوبے کے 14 اضلاع میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔