جامعہ زرعیہ نے او لیول کی کلاسز کے آغاز کااعلان کردیا

جمعرات 30 جولائی 2015 16:52

فیصل آباد ۔30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں رواں تعلیمی سال کے دوران او لیول کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کیلئے یونیورسٹی کے فرسٹ ڈگری پروگرامز میں داخلہ سے قبل ہی کوالٹی آف ایجوکیشن کو یقینی بناتے ہوئے انہیں ایک مضبوط اور مسابقتی بنیاد فراہم کی جا سکے۔ اس امر کا فیصلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرا ر احمد خاں کی صدارت میں منعقدہ سکول ایڈوائزری کونسل کے غیرمعمولی اجلاس میں کیا گیا۔

نیوسنڈیکیٹ ہال میں منعقدہ اجلاس میں مس ثوبیہ کو اولیول کلاسز کا فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ جھنگ روڈ پر کمیونٹی کالج کی بلڈنگ میں اولیول کلاسزکے ساتھ ساتھ میٹرک کے بعد نوجوانوں کو ایف اے میں بھی داخلہ دیا جائے گا جنہیں یونیورسٹی میں زیرتعلیم پی ایچ ڈی سکالرز زیور تعلیم سے ہمکنار کریں گے جس سے ایک طرف طلباء و طالبات کو پی ایچ ڈی اساتذہ میسر ہونگے تو دوسری جانب ایسے ہونہار اساتذہ کیلئے مالی وسائل پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹراقراراحمد خاں نے میٹرک کے حالیہ نتائج میں لیبارٹری گرلز ہائی سکول کی دو طالبات فاطمہ محمود اور خدیجہ بی بی کی بورڈ میں نمایاں پوزیشن پر پرنسپل آفیسرسکولز ڈاکٹر خلیل الرحمن‘ سکول ہیڈمسٹریس و اساتذہ ‘ طالبات اور ان کے والدین کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ 14اگست کی میگا تقریب میں پوزیشن ہولڈرز طالبات کو نقد انعام سے نوازاجائے گا۔اجلاس میں رجسٹرار چوہدری محمد حسین‘ ڈپٹی ٹریژراشرف ممتاز‘ ناظم امتحانات ڈاکٹر عبدالواحد‘ پرنسپل آفیسرسکولز پروفیسرڈاکٹر خلیل الرحمن‘ سکول ہیڈمسٹریس و دیگر نے شرکت کی۔