ٹنڈو غلام علی کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے میٹرک نتائج انتہا ئی ما یو س کن

جمعہ 31 جولائی 2015 15:14

بدین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) ضلع بدین کے نواحی شہر ٹنڈو غلام علی کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے کل 335 طلبہ وطالبات میں سے حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے سال 2015ء کے میٹرک کے نتائج میں سے صرف 5 طلبہ وطالبات پاس باقی 330 فیل قرار۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے حالیہ میٹرک نتائج کے تحت گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول غلام علی نظامانی اور گرلز ہائی اسکول ٹنڈو غلام علی میں پڑھنے والے 335 طلبہ وطالبات میں سے 2 طلبہ اور 3 طالبات پاس ہوئے جبکہ باقی 330 طلباء فیل قرار دے دیئے گئے ہیں جس سے دونوں اسکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ اور محکمہ تعلیم بدین کے افسران کی اہلیت کا بھانڈہ پھوٹ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم ضلع بدین کے افسران سارا سال اپنے دفاتر تک محدود رہتے ہیں اور اساتذہ کی کارکردگی یا انسپکشن نہیں کرتے جس کے باعث ضلع بدین کا معیار تعلیم بہتر نہیں ہے کیونکہ ہر سال میٹرک کے امتحانات میں کاپی کی دھوم مچی ہوتی ہے اس سال صرف ٹنڈو غلام علی ہائی اسکولوں میں دوران امتحانات کاپی نہ کرنے سے 335 میں سے 330 طلباء فیل ہوگئے جس پر صرف افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔