محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام تما م ہائی ،ہائیر سیکنڈری سکولوں میں طلبہ وطالبات کیلئے سمر کیمپس کا آغاز ہوگیا

بدھ 5 اگست 2015 16:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء) صوبے کے دوسرے اضلاع کی طرح ضلع مردان میں بھی محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام تما م ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں طلبہ وطالبات کے لیے سمر کیمپس کا آغاز ہوگیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر مردان حنیف اللہ فاروقی نے گورنمنٹ ہائی سکول محبت آباد مردان میں منعقدہ خصوصی تقریب میں سمر کیمپس کا افتتاح کیا ۔

افتتاحی تقریب میں سکول کے پرنسپل کے علاوہ سمر کیمپ کے فوکل پرسن اے ڈی او سپورٹس اجمل خان ، اے ڈی او سکاوٴٹس حاجی نور رحمان نے بھی شرکت کی۔ دریں اثنا ء بدھ کے روز گورنمنٹ سینٹیل ماڈل سکول نمبر 3 مردان میں سمر کیمپس کے ماسٹر ٹرینر اساتذہ کے لیے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا اس موقع پر سمر کیمپ کے صوبائی کوارڈینیٹراور لمس لاہور کے گریجویٹ ذیشان ملک نے ٹریننگ میں حصہ لینے والے 45 ماسٹر ٹرینیرز کو سمر کیمپ کے مقاصد اور تدریس کے جدید تقاضوں اور طریقوں کے حوالے سے تربیت دی ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر مردان حنیف اللہ فاروقی ، مردان تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر امتحانات شوکت حیات ، سینٹیل سکول نمبر 3 مردان کے پرنسپل حافظ زبیر احمداور فوکل پرسن اجمل خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تدریس کے شعبے میں ایک بڑا انقلاب آیا ہے اور اب بچوں کو روایتی طریقوں سے ہٹ کر نہایت دلچسپ پیرائے میں شراکتی انداز سے تعلیم دینے کا طریقہ پروان چڑھ رہاہے تاکہ بچوں کی تخلیقی صلاحیتیں پروان چڑھیں اور وہ ملک وقوم کے لیے ایک سرمایہ ثابت ہوسکیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ 3 اگست سے 15 اگست تک جاری رہنے والے اس سمر کیمپ میں طلبہ وطالبات کو ڈیبیٹ، ملی نغموں،پینٹنگ، حسن قرات، پراجیکٹس کی تیاری اور ریاضی کی تربیت دی جائے گی ۔دریں اثناء ڈی ای او ایجوکیشن مردان حنیف اللہ فاروقی نے بتایا کہ صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کی ہدایت پر ضلع بھر میں تمام 105 ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں سمر کیمپس جاری ہیں جن میں طلبہ کثیر تعداد میں شرکت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کیمپس کے نتیجے میں طلبہ وطالبات کی غیرنصابی اور تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی میں یقینی اضافہ ہوگا اور وہ مزید دلجمعی سے تعلیم حاصل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :