وفاقی اردو یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کا32واں اجلاس، ڈپٹی رجسٹرار علی زمان شاہ کی برطرفی کے فیصلے کی توثیق کردی گئی

بدھ 5 اگست 2015 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست۔2015ء )وفاقی اردو یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کا32واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی رجسٹرار علی زمان شاہ کی برطرفی کے فیصلے کی توثیق کی گئی اسکے علاوہ شعبہ فزکس کے اسسٹنٹ پروفیسر آصف علی کی رخصت قبل از ریٹائرمنٹ کی درخواست کی توثیق بھی کی گئی۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر محمود پٹھان، خزانچی ستار چوہدری، مشیر برائے امتحانی امور ڈاکٹر ناصر الدین خان، ڈائریکٹر داخلہ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین،اراکین سنڈیکیٹ رئیس کلیہ سائنس ڈاکٹر عارف زبیر، رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ناہید ابرار، رئیس کلیہ مطالعات مذاہب پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید، رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ سجاد، ارئیس کلیہ بزنس ایڈمنسٹریشن، کامرس اینڈ اکنامکس پروفیسرڈاکٹر مسعود مشکور،نچارج فارمیسی ڈاکٹر مہ جبین، ڈاکٹر محمد علی ویرسانی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گریجوئیٹ ریسرچ مینجمنٹ کونسل کی منظور شدہ6 پی ایچ ڈی اور11ایم فل کی ڈگریوں کی حتمی منظوری دی گئی۔اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ناہید ابرار کو سیرت چئیر کی مجلس عاملہ کا رکن نامزد کیا گیا اسکے علاوہ پروفیسر محمد احمد قادری کو سلیکشن بورڈ کا رکن تقرر کرنے کی سفارش کی گئی جبکہ رکن سندیکیٹ ڈاکٹر محمد علی ویرسانی کو مالیاتی کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا۔

اجلاس میں انجمن ترقی اردو کی جانب سے ڈاکٹر جاوید منظر کو دو سال کے عرصے کے لئے سنڈیکیٹ کا نمائندہ مقرر کردیا گیا۔اجلاس میں رئیس کلیہ جات اور انچارج شعبہ جات کی تقرریوں اور اساتذہ کی رخصت کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی رجسٹرار انوارلحق کے خلاف انکوائری کمیٹی کی مرتب کردہ رپورٹ کی سفارشات کا جائزہ لے کر انہیں منظور کرتے ہوئے انوار الحق کو ملازمت سے برخواست کرنے کی سفارش کی گئی۔