قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح پر مذاکرات بارے بھارت کا موقف واضح ہے، مذاکرات دہشت گردی کے معاملے پر ہوں گے، امید ہے پاکستان اوفا معاہدے سے انحراف نہیں کرے گا ،بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 21 اگست 2015 22:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح پر مذاکرات کے حوالے سے بھارت کا موقف واضح ہے، مذاکرات دہشت گردی کے معاملے پر ہوں گے، امید ہے پاکستان اوفا معاہدے سے انحراف نہیں کرے گا۔ بھارتی میڈ یا کے مطابق جمعہ کو میڈیا سے گفتگو میں راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم نے پاکستان پر اپنا موقف واضح کر دیا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح کے مذاکرات میں دہشت گردی کے معاملے پرہی بات چیت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اوفا معاہدے سے انحراف نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ مذاکرات میں کشمیری حریت رہنماؤں کو شامل نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طے شدہ ایجنڈے میں نئی شرائط کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت نے 25اگست کو قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح پر پاکستان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات منسوخ کر دیئے ہیں تاہم بھارت کی جانب سے باضابطہ طور پر اس کی نہ تو اطلاع دی گئی اور نہ ہی تصدیق یا تردید کی گئی ہے۔

ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی میڈیا کی رپورٹس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے باضابطہ طورپر مذاکرات کی منسوخی کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی، اس لئے خالی میڈیا رپورٹس پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ عنوان :