قوم تعلیم و تحقیق کے میدان میں اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، ڈی ای او زنانہ ہری پور

ہفتہ 22 اگست 2015 14:49

ہری پور۔ 22 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ ہری پور ناہید انجم نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم تعلیم و تحقیق کے میدان میں اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، اساتذہ کو اپنی تمام تر توجہ نونہالان قوم کی تعلیم و تربیت پر مرکوز کرنی چاہئے، جشن آزادی کے حوالہ سے طالبات اور اساتذہ نے جس جذبہ حب الوطنی سے مختلف پروگرامز پیش کئے وہ قابل تحسین ہیں۔

وہ ہفتہ کو گورنمنٹ گرلز سینٹینیل ماڈل ہائی سکول نمبر1 ہری پور میں ضلعی سطح پر جشن آزادی اور سمر کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مقابلہ کیلئے ڈی ای او صاحبہ کے حکم پر اساتذہ اور طالبات نے بھر پور تیاری کر کے حسن قرات، نعت خوانی، ثقافتی گیت، ملی نغمے، تقاریر اور دیگر ایونٹس کی تیاری کی۔

(جاری ہے)

ادارہ کی پرنسپل محترمہ فرزانہ بلقیس نے اپنی نگرانی میں تقریب کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کئے۔

محترمہ فریدہ شاہ نے کھانے کے حوالہ سے تمام انتظامات احسن طریقہ سے سرانجام دیئے، سکو ل کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔ تقریب میں شرکت کیلئے ڈی ای او ناہید انجم اور اے ڈی او نصرت سکول پہنچیں تو وائس پرنسپل فرزانہ بلقیس اور جنرل سیکرٹری سپورٹس فریدہ شاہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر تلاوت کی سعادت زینب امین، نعت کی سعادت آمنہ نے حاصل کی۔

تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض محترمہ روبینہ نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر حسن قرات، نعت خوانی، ثقافتی گیت، ملی نغمے، یوم آزادی کے حوالہ سے تقریری اور تحریری مقابلے بھی ہوئے۔ تمام مقابلہ جات میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض مس طاہرہ جمیل نے سرانجام دیئے۔ ان مقابلوں میں اول، دوم اور سوم آنے والی طالبات میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔