`قبائلی عوام پاکستان کے وفادار اور بازو ئے شمشیرزن ہیں،مولانا سمیع الحق

حکومت شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی واپسی کے انتظامات کررہی ہے ،ان اقدامات میں تیزی اور ترتیب پیدا کرنے کی ضرورت ہے،سربراہ جے یو آئی (س)`

ہفتہ 22 اگست 2015 23:10

نوشہرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ءجمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ قبائلی عوام پاکستان کے وفادار اور بازو ئے شمشیرزن ہیں۔ حکومت شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی واپسی کے انتظامات کررہی ہے مگر ان اقدامات میں تیزی اور ترتیب پیدا کرنے کی ضرورت ہے،لاکھوں افراد میں سے ڈیڑھ دو سو خاندانوں کو بھیجنے سے سالہا سال درکار ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ اکوڑہ خٹک میں شمالی وزیرستان کے اتمان زئی قبیلہ کے مشران سرکردہ عمائدین کا گرینڈ جرگہ چیف آف وزیرستان ملک شاہ نواز خان کی قیادت میں اور ضلعی امیر مولانا عبدالحئی حقانی کی سرپرستی میں آئے ہوئے اعلیٰ سطحی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفدمیں ملک غلام خان، ملک نثار علی خان،ملک عید محمد، ملک سیف اﷲ، ملک بہرام خان،ملک نیاز خان،ملک نظرخان،ملک ارباب خان ،ملک یعقوب ،ملک اکبر خان وزیر ،ملک حاجی نائک ، ملک میر شراب، ملک سلام، ملک محمد خان، ملک اکبر خان داوڑ، ملک شیرین جان، جبکہ مولانا صاحب کی معاونت جمعیت کے مرکزی نائب امیر مولانا حامد الحق حقانی اور صوبائی ،امیر مولانا سید محمد یوسف شاہ نے کی۔

(جاری ہے)

جرگہ کے ارکان نے مولانا سمیع الحق کو شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے ساتھ تعاون پر خراج تحسین پیش کیا، اور مطالبہ کیا کہ وہ متاثرین کے مسائل اورمشکلات کوارباب حکومت کو متوجہ کرائیں۔ مولانا سمیع الحق نے ان نازک حالات میں شدید تکالیف برداشت کرکے ملک و ملت سے محبت اور بے پناہ وابستگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ان کی حب الوطنی پر انہیں مبارکباد دی اور قبائلی ارکان نے پاکستان کی سلامتی اور حفاظت کے لئے سب کچھ قربان کرنے کا اعلان کیا۔

مولانا سمیع الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کودیگر قبائل کی طرح معقول معاوضہ ،تعلیم کی فی الفور بحالی ،مسمار شدہ مکانات اور بازاروں کی تعمیر نو ،اوردیگر جائز مطالبات کو فی الفور یقینی بنائے۔ بنوں ، ڈی آئی خان ،کرک ،اور دیگر شہروں میں انتظامیہ کے ناروا سلوک اور بے جا تنگ کرنے کا صوبائی حکومت نوٹس لے اور ذمہ دار افسران کے خلاف تادیبی کاروائی کریں`

متعلقہ عنوان :