وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کی برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کم ڈارک سے ملاقات

پاک برطانیہ تعلقات ، دوطرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، پڑوسی ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر دوستانہ تعلقات روزِ اول سے پاکستان کی فارن پالیسی کے بنیادی اور رہنما اصولوں کا حصہ ہیں،چودھری نثار افسوس ہے افغانستان میں ہماری امن کی پرخلوص کوششوں کو منفی اور غلط ردعمل کا نشانہ بنایا گیا، پاکستان امن کے لئے ہر قدم اٹھانے کے لئے تیار ہے، کسی کا تسلط یا اجارہ داری قبول نہیں ،دہشتگردی اور اسلام دو متضاد چیزیں ہیں، مغرب کو اس فرق کو سمجھنا چاہیئے،وزیرداخلہ کم ڈارک نے پاکستانی عوام کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا برطانیہ پاکستانی اداروں کے استحکام اور عوام کی فلاح و بہتری کے لئے ہر ممکنہ تعاون جاری رکھے گا،برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر

جمعرات 27 اگست 2015 21:54

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کم ڈارک سے 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں ملاقات کی،ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات ، دوطرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چودھری نثارنے کہاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات اور ہمہ جہتی تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات میں مزید وسعت کا خواہاں ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہاکہ دہشت گردی کی عفریت کو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لئے سنگین خطرہ جانتے ہوئے پاکستانی عوام اور ریاستی ادارے اس کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب اور NAP پر عمل درآمد سے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری نثارنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا قومی اتفاقِ رائے اس جنگ میں ہماری اصل طاقت ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہاکہ افغانستان میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ اس ضمن میں پاکستان کی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔چوہدری نثار نے کہاکہ پڑوسی ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر دوستانہ تعلقات روزِ اول سے پاکستان کی فارن پالیسی کے بنیادی اور رہنما اصولوں کا حصہ ہیں۔وزیرداخلہ نے کہاکہ اس بات کا افسوس ہے کہ افغانستان میں کی گئی ہماری امن کی پرخلوص کوششوں کو منفی اور غیر ضروری اور غلط ردعمل کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام امید کرتے ہیں کہ عالمی سطح پر دہشت گردی جیسے حساس معاملے پر کوئی تفریق یا امتیاز نہیں برتا جائے گا۔چوہدری نثار نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام امن کے خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں عالمی برادری خصوصاً دوست ممالک کی طرف سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان امن کے لئے ہر قدم اٹھانے کے لئے تیار ہے۔

مگر کسی کا تسلط یا اجارہ داری قبول نہیں کریگا۔چودھری نثارنے کہاکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی جہاں اپنی صلاحیتوں سے ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہی ہے وہاں پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور ان تعلقات کو عوامی سطح پر منتقل کرنے کے لئے ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہیـ۔ اس موقع پرکم ڈارک نے ا پاکستانی عوام کو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بے پناہ قربانیاں دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ پاکستانی اداروں کے استحکام اور عوام کی فلاح و بہتری کے لئے ہر ممکنہ تعاون جاری رکھے گا۔ چودھری نثارنے کہا کہ دہشت گردی اور اسلام دو متضاد چیزیں ہیں، مغرب کو اس فرق کو سمجھنا چاہیئے۔