پچھلے دس دنوں میں اردو یونیورسٹی میں انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد

ہفتہ 29 اگست 2015 16:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء)وفاقی اردو یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد نے عبدالحق کیمپس کے انقلابی جمہوری گروپ کی جانب سے دیئے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے دس دنوں میں اردو یونیورسٹی میں انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، تدریسی و تحقیقی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں متحرک اساتذہ پر مشتمل مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو تندہی سے اپنے کام سر انجام دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 برسوں میں پہلی مرتبہ ”وفاقیئن“ کے نام سے ریسرچ جرنل آف سوشل سائنسز کا اجراء کیا جارہا ہے اور جلد ہی دیگر شعبوں سے بھی جریدوں کے اجراء کا آغاز ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سابقہ دور کے غلط اقدامات کی وجہ سے یونیورسٹی کو جو مالی مسائل کا سامنا ہے انہیں بھی دن رات کام کر کے دور کیا جارہا ہے ۔ تقریب سے انقلابی جمہوری گروپ کے کنوینیئر ڈاکٹر اصغر دشتی ، بین الاقوامی تعلقات کے صدر ڈاکٹر وسیم الدین نے بھی خطاب کیا۔

صدر شعبہ تعلیمات ڈاکٹر کمال حیدر نے وائس چانسلر کو اجرک جبکہ شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے استاد ڈاکٹر ممنون احمد خان نے گلدستہ پیش کیاجبکہ تقریب کی نظامت کے فرائض انچارج ایم فل / پی ایچ ڈی پروگرام شعبہ اردو ڈاکٹر یاسمین سلطانہ نے انجام دیئے۔ تقریب میں صدر شعبہ سندھی ڈاکٹر کمال جامڑو، صدر شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن عبد الصمد اور استاد خرم شاہ نواز، شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے اساتذہ ڈاکٹر فیصل جاوید ، رضوانہ جبیں ، افشاں بروہی اور انچارج ڈیٹا بیس خرم مشتاق نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر انقلابی جمہوری گروپ نے ڈاکٹر پروفیسرسلیمان ڈی محمد کے وائس چانسلر بننے کو یونیورسٹی کے لیے خوش آئند قرار دیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وائس چانسلر کی جانب سے یونیورسٹی کی بہتری کے سلسلے میں اٹھائے گئے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔