خیبر پختونخوا میں 6سال بعد بلدیاتی نظام کی بحالی پاکستان تحریک انصاف کا قابل تعریف کارنامہ ہے ،جمشیدالدین کا کا خیل

پیر 31 اگست 2015 23:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اگست۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز وٹیکسیشن اینڈنارکاٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میاں جمشید الدین کا کا خیل نے ا یک ہنگامی اجلاس سے بعد از بلدیاتی نتائج خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میرٹ اور حق کی بالا دستی کا ہے اور تحریک انصاف کا اصلی ایجنڈا عوامی مسائل کا حل اور کرپٹ لیڈر شپ کا خاتمہ ہے اس بناء پر صوبہ بھر میں پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور کامیابی عمران خان اور پرویز خٹک کی اعلیٰ کارکردگی اور سیاسی حکمت عملی پر اعتماد کا اظہار ہے۔

خیبر پختونخوا میں چھ سال بعد صاف و شفاف بلدیاتی نظام کی بحالی پاکستان تحریک انصاف کا قابل تعریف کارنامہ ہے اب بہت جلد بلدیاتی نظام سرکاری محکموں کے اختیارات منتخب عوامی نمائندگان کو تفویض ہوں گے کیونکہ بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کو سستا انصاف کی فراہمی اور امیر و غریب میں فرق کا خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ضلع نوشہرہ میں شاندار کامیابی پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں اور گزشتہ ڈھالی سالوں کی بہترین کارکردگی کانتیجہ ہے ضلع نوشہرہ کے منتخب ناظم لیاقت خٹک ایک غریب دوست باصلاحیت اور عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے قومی خادم ہیں وہ ضلع نوشہرہ کے درپیش مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار اداکریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی تمام امیدیں بلدیاتی نظام سے وابستہ ہیں منتخب ناظمین کے موثر اقدامات سے معاشرے میں سماجی اور معاشی برائیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا وعدہ پوراکردیا اب تمام منتخب ناظمین باہمی اختلافات بھلا کر صوبے کی تعمیر و ترقی اور امن کی بحالی کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں گے تاکہ دوسرے صوبے ہماری تقلید کریں