والدین اپنے بچے اور بچیوں کو سکولوں میں داخل کریں،ڈویژنل ڈائیریکٹر ایجوکیشن نصیرآباد

بدھ 2 ستمبر 2015 15:50

بولان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء)والدین اپنے بچے اور بچیوں کو سکولوں میں داخل کریں ۔ضلع کچھی کے اساتذہ اپنے ذمہ داریاں پوری طرح انجام دیکر داخلہ مہم کو تیز کردیں مہم کو کامیاب کرنے کیلئے والدین خصوصی تعاون کرکے اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کرائیں تاکہ ہماری نئی نسل جہالت کی گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نکل کر تعلیمی اجالوں میں اپنا سفر شروع کرسکیں ان خیالات کا اظہار ڈویژنل ڈائیریکٹر ایجوکیشن نصیرآباد عبدالرزاق ساتکزئی نے گورنمنٹ ماڈل سکول ڈھاڈر اور ضلع کچھی کے مختلف سکولوں میں داخلہ مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دورے کے موقع پر اساتذہ سے گفتگو میں کہا اس موقع پر ضلعی تعلیمی آفیسر چوہدری نیاز احمد،ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کچھی عبدالحمید ابڑواور دیگرانکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے دورے کے موقع پر نئے داخل ہونے والے بچے اور بچیوں میں کتب ،بستہ ،جیومیٹری بکس بھی تقسیم کیئے اور کلاسوں کا معائینہ کیا انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ سکول ٹائم میں وقت کی پابندی خاص خیال رکھیں اور اپنے مخلصانہ کو ششوں کو ضلع میں تعلیمی بہتری کیلئے وقف کریں تاکہ ضلع سمیت ڈویژن بھر میں تعلیمی پستی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں داخلہ مہم کو موثر بنانے کیلئے ضروری ہے کہ اساتذہ والدین سے بھی رابطہ رکھیں اور طلباء ،طالبات کو درس تدریس میں غفلت کا مظاہرہ نہ کریں تعلیم ہی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے اور جن اقوام نے اس پر اپنا قدم رکھا انہوں نے ترقی کی منازلیں طے کی اور تاریخ میں امر ہوگئے۔