طلباء کے احتجاج کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی ،سیکرٹری تعلیم بلوچستان

منگل 8 ستمبر 2015 14:27

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)سیکرٹری تعلیم بلوچستان عبدالصبور کاکڑ نے کہا ہے کہ طلباء کے احتجاج کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ایک ہفتہ میں رپورٹ مرتب کرے گی اور اس حوالے سے انکوائری بھی کی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”آن لائن“ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بورڈ آفس پر چند طلباء نے دھاوا بول دیا تھا ان کے والدین اور بچوں نے خود معافی مانگ لی اور اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو تمام معاملات کو دیکھ کر ایک ہفتہ میں رپورٹ دیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے امتحانات میں نقل کے خاتمہ کے بعد طلباء اپنی ناکامی چھپانے کیلئے احتجاج پر اتر آئے ہیں انہوں نے کہا کہ ری چیکنگ کے حوالے سے بلوچستان بورڈ کی جو پالیسی ہے اس کے مطابق ماضی میں بھی پرچوں کی ری چیکنگ ہوتی تھی اور آئندہ ہوتی رہے گی انہوں نے کہا کہ میڈیا میں کچھ طلباء و طالبات کے رزلٹ کے حوالے سے جو خبریں شائع ہوئی ہیں وہ من گھڑت اور بے بنیاد ہے انہوں نے کہا کہ بورڈ آفس میں ایک اجلاس ہوا جس میں میں خود اوروزیرصحت رحمت صالح بلوچ‘چیئرمین بورڈ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔