یونیسف کے اشتراک سے پارٹنر سکولوں میں ابتدائے بچپن کی تعلیم کے مراکز کے قیام کا فیصلہ

منگل 8 ستمبر 2015 16:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کے طالب علم شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لے کر گرین ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں ۔ یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر انیلہ سلمان نے ایک مقامی پارٹنر سکول میں شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر عائشہ نعمان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایم ڈی پیف نے کہا کہ سر سبز ماحول ہمارے بچوں کے لئے قدرت کا بہترین تحفہ ہے۔ طالب علم اپنے گھروں اور سکولوں میں شجر کاری میں حصہ لیں۔ درخت بہترین ماحول کے قیام میں معاون ہیں جس سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اپنے پارٹنر سکولوں میں شجر کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ ہمارے طالب علموں کو تعلیم کے لئے گرین ماحول ملے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ایم ڈی پیف نے شجر کاری کی اہمیت کے حوالے سے منعقدہ تعلیمی نمائش کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے سکول میں پودا بھی لگا یا۔ دریں اثناء یونیسف کے اشتراک سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں ابتدائے بچپن کی تعلیم کے مراکز کے قیام کے حوالے سے آج خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان نے اجلاس کی صدارت کی۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں یونیسف کے ایجوکیشن سپیشلسٹس آصف ابرار اور روبینہ ندیم کے علاوہ پیف ڈپٹی ایم ڈی سلمان انور ملک ، ڈائریکٹر عائشہ نعمان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پیف پارٹنر سکولوں میں ابتدائے بچپن کی تعلیم کے مراکز کے قیام کے منصوبے پر تفصیلی غور و غوص کیا گیا ۔