عالمی سطح پرقومی ترقی اور اقوام کی تقدیر بدلنے میں یونیورسٹیاں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، حکومت ذہین طالب علموں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے،ہزارہ یونیورسٹی کو ایک ماڈل یونیورسٹی بنانے میں تعاون جاری رکھیں گے

خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان کا ہزارہ یونیورسٹی کے آٹھویں کانوکیشن سے خطاب

پیر 14 ستمبر 2015 22:52

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء ) صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر اور چانسلریونیوسٹیوں کے سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پرقومی ترقی اور جدید ضروریات اور چیلنجوں کے مطابق اقوام کی تقدیر بدلنے میں یونیورسٹیاں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہیں ، گلو بل لا ئیزڈ دنیا کی موجودہ شکل،فہم و ادراک پر مبنی عالمی معیشت کی تشکیل اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا کے استعمال نے مؤثر تعلیم اور بہتر نتائج کی ضرورت کو مزید تیز کردیا ہے۔

وہ آج ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے آٹھویں کانوکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب احمد ،یونیورسٹی ڈینز اور فیکلٹی ممبران، طلباء و طالبات اور انکے والدین کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں تحقیق و تجربات اور صنعتوں کیساتھ قریبی روابط نے عالمی سطح پر ترقیاتی ممالک کے جی ڈی پی شرح میں کئی گنااضافہ کر دیا ہے جو کہ ماضی میں غیر متوقع تھا۔

ـ’’پاکستان بھی اپنے مالی وسائل کے اندر رہتے ہوئے اس جانب سرمایہ کر رہی ہے تاکہ اعلیٰ تعلیم کو وسعت ملے ۔گورنر نے کہا کہ حکومت ذہین طالب علموں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے نہ صرف بیرونی ممالک میں تعلیم کی فراہمی میں بلکہ انہیں وطائف بھی فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ بغیر کسی مالی رکاوٹ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا لیپ ٹاپ اور فری ری ایمبرس منٹ سکیم ان مراعات کا حصہ ہیں جو حکومت ذہین طالب علموں کی فلاح و بہبود کیلئے فراہم کر رہی ہے تاکہ ان میں مزید جذبہ پیداہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ ہزارہ یونیورسٹی اس سکیم سے خوب استفادہ کر رہی ہے۔ گورنر نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور انہیں مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں محتاط اور ہوشیار رہنے کی تلقین کی۔ گورنر نے ہزارہ یونیورسٹی کی تعلیمی کوششوں کی تعریف کی اور یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مالی وسائل کے استعمال میں دیانت داری اور کفایت شعاری سے کام لیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ہزارہ یونیورسٹی کی انفرسٹرکچر کو مزید مستحکم کرنے ،اسے مزید فنڈز فراہم کرنے اورطالب علموں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف سہولیات فرا ہم کرنے کا خواہاں ہے اور یونیورسٹی میں ٹرکش بلاک کے تکمیل کیلئے 66کروڑ 20لاکھ روپے کی خطیر گرانٹ کی فراہمی اس کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے ہزاریونیورسٹی کی خوبصورتی کیلئے 20لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ ہزارہ یونیورسٹی کو ایک ماڈل یونیورسٹی بنانے میں بھر پور تعاون جاری رکھیں گے۔

قبل ازیں گورنر نے 387گریجویٹس میں بیچلر،ماسٹراور ایم فل کی ڈگریاں جبکہ 13 سکالروں میں ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ140گریجویٹس کو گولڈ میڈل پہنائے ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے گورنر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ وائس چانسلر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور یونیورسٹی کے اغراض و مقاصداور مستقبل کی منصوبہ بندی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے گورنر سردار مہتاب احمد خان کی جانب سے یونیورسٹی میں کئے جانے والے ترقیاتی سرگرمیوں میں بھر پور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی نے اب تک 29پی ایچ ڈی ، 100ایم فل اور 1000گریجویٹس ڈگریاں دی ہیں اسکے علاوہ 47فکلٹی ممبران کو بیرون ممالک میں اعلیٰ تعلیم کا اہتمام کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :