محکمہ سپیشل ایجوکیشن 2014-15کے منظورشدہ منصوبوں کو بروقت مکمل کرلے گا،آصف سعید منہیس

منگل 15 ستمبر 2015 17:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء)سپیشل طلبا و طالبات اس معاشرے کا اہم حصہ ہیں انہیں بہترین ماحول اور تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کر کے معاشرے کا فعال شہری بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیجات میں سے ایک ہے ۔یہ بات صوبائی وزیر برائے سپیشل ایجوکیشن آصف سعید منہیس نے ایک اعلی سطح اجلاس کے دوران کہی ۔اس موقع پر سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن عبرین رضا،ڈائریکٹر فاضل چیمہ،ڈپٹی ڈائریکٹر رانا خالد سہیل سمیت پنجاب کے تمام اضلاع کے افسران موجود تھے ۔

اجلاس کے دوران آصف سعید منہیس نے کہا کہ محکمہ سپیشل ایجوکیشن 2014-15کے منظور شدہ منصوبوں کو بروقت مکمل کر لے گا اور اس کے ساتھ ساتھ طلبا کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لئے ایک وسیع اور جامع حکمت عملی واضح کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام افسران آئندہ اجلاس میں محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے تحت جاری تمام منصوبوں کی ترقیاتی رپورٹس پیش کریں اور طلبا کی بہترین تعلیم و تربیت کے لئے جاری منصوبوں پر عملدر آمد کو سو فیصد یقینی بنائیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے تحت قائم شدہ تمام کالج،سکولو ں اور سنٹروں میں زیر تعلیم طلبہ کی تعلیم وتربیت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔انہیں بہترین ماحول میں تربیت دیکر تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے معاشرے کا فعال شہری بنایا جارہا ہے تا کہ وہ اس معاشرے میں باعزت زندگی گزار سکیں۔اجلاس کے دوران آصف سعید منہیس نے محکمہ کے تمام افسران کو ہدایات جاری کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں ،جن افسران کی کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی ۔