پرائیویٹ سکول مافیا فیسیں بڑھاکر عام لوگوں کو تعلیم سے محروم کرنا چاہتا ہے ‘خواجہ ندیم سعید وائیں

منگل 15 ستمبر 2015 17:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن (آپما) کے رہنما خواجہ ندیم سعید وائیں نے پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے فیسوں میں کئی گنا اضافے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں وگرنہ تعلیم صرف امیر لوگوں کے بچوں تک محدود ہوجائے گی اور وزیراعلیٰ پنجاب کی اْن کوششوں کو شدید دھچکا لگے گا جو وہ تعلیم کے فروغ کے لیے کررہے ہیں۔

ایک بیان میں خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ نجی سکولوں کے مالکان نے تعلیم جیسے مقدس پیشے کو ایک کاروبار بنا لیا ہے اور اپنی تجوریاں بھرنے کے لیے راتوں رات فیسوں میں بہت بھاری اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے متوسط طبقے کی کمر ٹوٹ گئی ہے ، اب والدین کی اکثریت اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کرپائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو بچے انجینئرز اور ڈاکٹرز بن کر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں وہ فیسیں ادا کرنے کی استطاعت نہ ہونے کی وجہ سے ورکشاپوں اور ہوٹلوں پر کام کرنے پر مجبور ہونگے جس کی وجہ سے ملک کا روشن مستقبل تاریک ہوجائے گا۔

خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف دانش سکولوں اور لیپ ٹاپ سکیموں کے ذریعے تعلیم کو عام کرنے کے لیے بہترین اقدامات اٹھارہے ہیں لیکن پرائیویٹ سکول مافیا اْن کی ان کوششوں کو ناکام بنانے پر تلا ہوا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر زور دیا کہ وہ پرائیویٹ سکول مافیا کی من مانیوں کا نوٹس لیں اور انہیں فیسں کم کرنے کے احکامات صادر کریں تاکہ تعلیم عام آدمی کی پہنچ میں رہے۔

متعلقہ عنوان :