رائیونڈ،درجنوں نجی سکولز میں ہزاروں روپے فیس کی وصولی کے باوجود کم تعلیم یافتہ ٹیچرز سے ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

بدھ 16 ستمبر 2015 13:04

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء) رائے ونڈ میں درجنوں نجی سکولز میں ہزاروں روپے فیس کی وصولی کے باوجود کم تعلیم یافتہ ٹیچرز سے ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ،غیر معیاری عمارت،ناکافی سہولیات ،ان ٹرینڈ عملہ اور سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر حکام نے آنکھیں بند کرلیں ،درجنوں سکول مالکان نے ٹیکس چوری کیلئے بوگس این جی اوز بنا لیں ۔

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ شہر میں قائم درجنوں سکولز میں انتہائی زیادہ فیسوں کی وصولی کے باوجود طلبہ کو معیاری تعلیم سے یکسر محروم رکھا جارہا ہے تعلیم کے نام پر تجارت کا گورکھ دھندا جاری ہے ،مڈل اور میٹرک پاس ٹیچرز کو معمولی تنخواہ دیکر طلبہ سے ہزاروں روپے فیس وصول کی جارہی ہے متعدد سکولز کے پاس پلے گراؤنڈ ،کمپیوٹر لیب ،سائنس لیب،لائبریری سمیت کوئی سہولت موجود نہیں ۔

(جاری ہے)

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے راشی افسران کی ملی بھگت سے الحاق کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنیوالے اداروں میں نونہال وطن کا علمی استحصال جاری ہے ۔حالیہ سروے میں معلوم ہوا ہے کہ رائے ونڈ میں بورڈ کا امتحانی سنٹر بنانے کی آڑ میں لاکھوں روپے نقل کی مد میں اکھٹے کئے جاتے ہیں ٹیکس چوری کیلئے درجن بھر سکولز نے بوگس این جی اوز بنا رکھی ہیں متعدد سکولز مالکان نے اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے کیلئے سکولز میں کینٹین اوربک شاپ بنا کر والدین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔

اس کے علاوہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران حکومتی پابندی کے باوجود سکولز مالکان نے اکھٹی فیسوں کی وصولی جاری رکھی،کئی سکولوں میں جبری ٹیوشن پڑھانے کا سلسلہ جاری ہے ،والدین سے ٹیوشن کے نام پر بھاری رقوم وصول کی جارہی ہیں سکول بس ،سکیورٹی فیس کے نام پر بھی وصولیوں کا سلسلہ عروج پر ہے بھاری بھر فیسیں وصول کرنیوالے سکولز مالکان خدمت کے نام پر والدین کا معاشی استحصال کررہے ہیں جبکہ کارکردگی برائے نام ہے ۔

سروے میں مزید معلوم ہوا ہے کہ متعدد سکولز میں جنریٹر موجود نہیں جس کے باعث طلبہ حبس میں نڈھال اور بیمار ہو رہے ہیں جبکہ متعدد سکولز کے باہر سکیورٹی کے ناقص انتظام سے والدین شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔رائے ونڈ میں عرصہ تین سال کے دوران نجی سکولز کی بھرمار اور ان پڑھ سکولز مالکان کیوجہ سے سادہ لوح والدین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے سکولز مالکان کے خلاف آج تک کوئی باقاعدہ کارروائی نہ ہونے سے انکے حوصلے بلند ہیں ۔بورڈ آف انٹر میڈیٹ افسران کی ملی بھگت سے الحاق شدہ سکولز مالکان کی چیر ہ دستیوں پر والدین سراپا احتجاج ہیں ۔

متعلقہ عنوان :