پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بے وسیلہ بچوں کی تعلیم پر ساڑھے 10ارب روپے خرچ کر رہی ہے‘ قمرالاسلام

بدھ 16 ستمبر 2015 17:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء )پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بے وسیلہ بچوں کی تعلیم پر رواں سال میں ساڑھے 10ارب روپے خرچ کر رہی ہے، ہمارا ٹارگٹ ہے کہ 2018تک 28 لاکھ آؤٹ آف سکول اور ڈراپ آؤٹ بچوں کومفت تعلیم کی سہولت مہیا کی جائے۔یہ بات چےئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمرالاسلام راجہ نے آج مظفرگڑھ کے ایک مقامی ہوٹل میں سکول پاٹنرز کے رابطہ اجلاس سے خطاب میں کہی۔

اجلاس میں راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ کے اضلاع میں فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام سے منسلک سکول پارٹنرز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چےئرمین پیف نے کہاپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر مبنی فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام کے توسط سے صوبے کے 36اضلاع میں لاکھوں ضرورت بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم کی سہولت میسر آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن "پڑھو پنجاب،بڑھو پنجاب"کی کامیابی میں اہم کردار کررہی ہے۔

ہمارا عزم ہے کہ پنجاب میں کوئی بچہ ضروری وسائل کی کمی کی بناء پر تعلیم سے محروم نہیں رہے۔ہم نے تعلیم کے ذریعے جہالت کی تاریکی کو ختم کیا ہے اور چائلڈفرینڈلی سکولنگ کے ذریعے طالب علموں کو نیا اعتماد اور حوصلہ دیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ضرورت مند بچوں کو ان کے گھروں کے نزدیک پارٹنر سکولوں میں تعلیم دے کر انہیں انکا شاندار مستقبل لوٹائیں تا کہ یہ بچے معاشرے پر بوجھ کی بجائے ہمارا قیمتی اثاثہ بنیں۔

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فاؤنڈیشن نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں کے ساتھ پارٹنرشپ کرکے مفت اورمعیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے ۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کی سب سے بڑی تحریک ہے جس سے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں علم کے چراغ روشن ہوئے ہیں۔ تقریب سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے افسران نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سکول پارٹنر زنے کہا پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی بدولت نجی سکولوں کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے۔